عازمین حج 2027 کے لیے پاسپورٹ تجدید کے عمل میں سہولت فراہم کردی گئی،وزارت مذہبی امور کی درخواست پر پاسپورٹ آفس نے احکامات جاری کر دیئے۔
عازمین حج 2027 مقررہ مدت سے پہلے بھی پاسپورٹ تجدید کرا سکیں گے،وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج کے لیے 16 نومبر 2027 تک مؤثر پاکستانی پاسپورٹ لازمی قراردیا گیا ہے۔
حج انتظامات ڈیجیٹل دور میں داخل، صرف آٹھ دن میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد عازمین حج گھر بیٹھے رجسٹرڈ
وزارت مذہبی امور نے پاسپورٹ دفاتر کو قبل از وقت تجدید کی درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت کردی،ملک بھر اور بیرون ملک پاسپورٹ دفاتر کو تجدید درخواستیں نمٹانے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔
عازمین حج پاسپورٹ رولز 3(سی ) کے تحت قبل از وقت پاسپورٹ تجدید کرا سکیں گے،عازمین حج اگلے مرحلے کے لیے 16 نومبر 2027 تک کارآمد پاسپورٹ تیار رکھیں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کے بغیر حج کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی،
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئندہ چار برسوں کے لیے حج پالیسی اور پلان 2030-2027 کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں حج انتظامات، صحت، ریلوے اور دیگر اہم قومی امور پر فیصلے کیے گئے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا بڑا ایکشن، 21 عمرہ سروس کمپنیوں کے لائسنس معطل
اجلاس میں وزارت مذہبی امور کی جانب سے نئی حج پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کابینہ کو بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ ایک سال کے بجائے چار سالہ حج پالیسی مرتب کی گئی ہے، جس کا مقصد طویل المدتی منصوبہ بندی، انتظامی امور میں بہتری اور حجاج کرام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ پالیسی کے نفاذ کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار اور دیگر قواعد و ضوابط بھی مرتب کیے جائیں گے جبکہ سعودی عرب کے قوانین اور ضوابط میں تبدیلی کی صورت میں پالیسی میں بھی ضروری ترامیم کی جا سکیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد کو ہر سال نئی رجسٹریشن کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ 2030 تک کسی بھی سال حج کی ادائیگی کے لیے ایک مرتبہ رجسٹریشن کرا سکیں گے، اس رجسٹریشن کی بنیاد پر ترجیحی ویٹنگ لسٹ تیار کی جائے گی، جس سے شفافیت اور سہولت میں اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ شرعی اصولوں کے مطابق حج سیونگ اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے شہری مستقبل میں حج کی ادائیگی کے لیے مرحلہ وار بچت کر سکیں گے، اس اقدام سے متوسط اور کم آمدنی والے افراد کے لیے حج کی مالی منصوبہ بندی آسان بنائی جائے گی۔
حج کے دوران اداکارہ جویریہ سعود کیساتھ کیا حیران کن واقعہ پیش آیا؟
اجلاس میں بتایا گیا کہ حج کے پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، رجسٹریشن، ادائیگی، شکایات کے اندراج اور ازالے، نگرانی اور دیگر تمام مراحل جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیے جائیں گے تاکہ شفافیت، سہولت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
نئی پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ لانگ حج اور شارٹ حج پروگرام بھی متعارف کرائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ حجاج کرام کی لازمی تربیت، تکافل (اسلامی انشورنس) اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے انتظامات کو بھی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حج سے متعلق قیاس آرائیوں پر وسیم اکرم کا ردعمل آ گیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری مکمل شفافیت اور خالص میرٹ کی بنیاد پر کی جائے جبکہ سرکاری اور نجی حج انتظامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے تاکہ حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں، کابینہ نے رواں سال بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور وزارت کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
