لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی، پاکستان نے سیریز میں کلین سوئپ ہونے سے بچاؤ کیا اور ایک میچ اپنے نام کر لیا۔
جنوبی افریقی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے لیے اتری لیکن پاکستان کی بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرہ سندھو کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ نشرہ نے تباہ کن باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 26 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ان کے ساتھ نوجوان باؤلر سیدہ عروب شاہ نے بھی دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔ پوری مہمان ٹیم 26ویں اوور میں صرف 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اوپنرز منیبہ علی اور سدرہ امین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ منیبہ نے 44 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سدرہ امین نے ناقابلِ شکست 50 رنز اسکور کیے۔
ناتالیہ پرویز نے جارحانہ 14 رنز بنا کر اننگزکو تیزکیا، پاکستان نے مطلوبہ ہدف 31 ویں اوور میں چاروکٹوں کے نقصان پرحاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سیریز کے ابتدائی دونوں میچز جنوبی افریقہ نے جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کی تھی تاہم آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے شائقین کو مایوس نہیں کیا، نشرہ سندھو کو ان کی شاندار باؤلنگ پر پلیئر آف دی میچ قراردیا گیا۔
وومن کرکٹر کا بڑا اعزاز، ون ڈے انٹرنیشنل میں 100 وکٹیں مکمل
یہ کامیابی پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ آئندہ آنے والی سیریز اور ایونٹس میں اعتماد کے ساتھ میدان میں اترنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
