لاہور: انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ کی رنر اپ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچی جہاں کھلاڑیوں کا بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پرموجود ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران، کوچنگ اسٹاف، اہل خانہ اورشائقین نے کھلاڑیوں پر پھول نچھاور کیے اوران کی کارکردگی کو سراہا۔
جون 2025 کیلئے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان
پاکستانی ٹیم نے انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، فائنل میچ میں پاکستان نے بھرپور مزاحمت کی لیکن جاپان نے فیصلہ کن لمحات میں برتری حاصل کرلی۔
ہیڈ کوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اورمستقبل میں یہ ٹیم سینئر سطح پربھی کامیابیاں سمیٹے گی۔
ہاکی فیڈریشن کے حکام نے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی انعامات کا اعلان بھی کیا ہے، یوتھ ہاکی ٹیم کی کارکردگی نے ملک بھر میں شائقین کو ایک نئی امید دلائی ہے۔
