پی ٹی آئی نے 9 مئی واقعات کی حکومتی ویڈیوز مسترد کر دیں

PTI

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی پرتشدد واقعات سے متعلق حکومتی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کیا اس قسم کی فوٹیجز کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کہتی ہے؟ موبائل سے بنائی گئی ویڈیوز کو حکومت سی سی ٹی وی فوٹیجز کا نام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوٹیجز کو ایڈٹ بھی درست طریقے سے نہیں کیا گیا۔ اور یہ لوگ کیا عوام کو پاگل سمجھتے ہیں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا مطلب کیا ہے؟۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یہ کیا ایک ٹکڑا کہیں اور سے، دوسرا ٹکڑا کہیں اور سے نکالا گیا۔ حکومت پر یقین تو دور کی بات ہم تو اس حکومت کو مانتے ہی نہیں۔ اور اس سے پہلے کہاں انہوں نے ہمارے پرامن احتجاج کو قبول کیا ہے؟۔ ہم جب بھی احتجاج کی کال دیتے ہیں اسلام آباد کنٹینرستان بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت میں قید پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے شکوے میں وزن ہے۔ کیونکہ ان کی پارٹی کے لیے قربانیاں ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت کو شاہ محمود قریشی سمیت دیگر اسیران سے بھی ملاقات کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: امیر جماعت اسلامی کا ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ

وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل میں سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ خواجہ آصف ڈاکے کے مینڈیٹ کے ساتھ اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔ وزیر دفاع وہی ہے جس کو ریحانہ ڈار نے انتخابات میں شکست دی تھی۔ اور خواجہ آصف کون ہوتے ہیں ہماری پارٹی میں لوگوں کو غداری کے سرٹیفکیٹ دینے والے؟ ہم تو خواجہ آصف کے وزیر اعظم کو بھی نہیں مانتے تو وہ کون ہیں؟۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کو ووٹ نہ کریں لیکن انہوں نے ووٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایشو کی بنیاد پر ہم اور جے یو آئی(ف) الگ الگ سیاست کر رہے ہیں۔ ہم تو کہتے ہیں حکومت سے کوئی بات نہیں کریں گے کیونکہ ان کو مانتے ہی نہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں