انگلینڈ کے جوروٹ نے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے

Joe Root

لارڈز: سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹر جو روٹ نے کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

سری لنکا کے خلاف لارڈز میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں جوروٹ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ 34 سنچریاں بنانے والے انگلش بلے باز بن گئے۔

33 سالہ جو روٹ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 34 ویں سنچری بناکر سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک کو 33 سنچریوں کے ساتھ پیچھے چھوڑ دی۔ ایلسٹر کک کے کیریئر کے 161 میچوں کے مقابلے میں یہ جو روٹ کا 145 واں ٹیسٹ ہے۔

جو روٹ نے “ہوم آف کرکٹ” لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں سب سے زیادہ 7 سنچریاں بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ انگلینڈ کی جوڑی گراہم گوچ اور مائیکل وان لارڈز میں چھ چھ سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر چلے گئے۔

جو روٹ لارڈز میں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے چوتھے بلے باز بھی بن گئے۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں جو روٹ پہلی اننگز میں 143 رنز اور دوسری اننگز میں 103 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کا ایک اور اعزاز ، چیمپئنز لیگ کے آل ٹائم اسکورر کا ایوارڈ مل گیا

اس سے قبل 1939 میں ویسٹ انڈیز کے جارج ہیڈلی، 1990 میں انگلینڈ کے گراہم گوچ اور 2004 میں مائیکل وان ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بناچکے ہیں۔

جو روٹ کی تازہ ترین سنچری نے انہیں ٹیسٹ سنچری بنانے والوں کی ہمہ وقتی فہرست میں یونس خان، سنیل گواسکر، برائن لارا اور مہیلا جے وردھنے کے ساتھ مشترکہ طور پر چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے۔ وہ اس فہرست میں واحد فعال ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں