اسلام آباد: افواج پاکستان، صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتے پر مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اور سروسز چیفس کی جانب سے ارشد ندیم کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی گئی۔
ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا۔ عالمی اولمپکس میں پاکستان کے لیے یہ شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن، انتھک ثابت قدمی اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے 40 سال بعد اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت لیا
آئی ایس پی آر کے مطابق ارشد ندیم کی فتح پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔ ارشد ندیم کی فتح پاکستانی ٹیلنٹ اور عزم کا ایک شاندار اثبات ہے۔ ان کی فتح عالمی سطح پر ملک کی بہترین صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔
عالمی اولمپکس میں جیولن تھرو میں پہلا انفرادی طلائی تمغہ جیت کر، ارشد ندیم نے پاکستانی عوام کے لیے بے پناہ فخر اور مسرت دی ہے۔ ارشد ندیم نے قومی ہیرو کے طور پر اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔