چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ایڈوائزر وقار یونس کی تقرری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
شہری مشکور حسین نے ندیم سرور کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں وفاقی حکومت، پی سی بی اور وقار یونس کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ماہ وقار یونس کو ایڈوائزر مقرر کیا لیکن ایک غیر معمولی قدم میں انہوں نے اس ماہ اب مذکورہ عہدے کے لیے ایک اشتہار دے کر درخواستیں طلب کی ہیں۔
پیرس اولمپکس، ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا
درخواست کے مطابق محسن نقوی کی زیرقیادت پی سی بی نے وقاریونس کی خدمات حاصل کرنے کے عمل میں جو عجیب و غریب طریقہ اختیار کیا ہے وہ بورڈ کے انتظامی امور کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی نے اسی طرز پر سابق جنوبی افریقی ٹیسٹ کرکٹر گیری کرسٹن (وائٹ بال کوچ) اور سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹرجیسن گلیسپی (ریڈ بال کوچ) کو بطور کوچ مقرر کیا تھا۔
انہوں نے استدعا کی کہ وقار یونس کی بطور ایڈوائزر تقرری قانون کے منافی ہے کیونکہ ان کی تقرری کے لیے اخبار میں کوئی اشتہار نہیں دیا گیا لہذا لاہور ہائی کورٹ وقاریونس کی بطور ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی تقرری کالعدم قرار دے۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو چیئرمین پی سی بی نے ڈومیسٹک چیمپئنز کپ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے وقار یونس کو ایڈوائزر مقرر کرلیا ہے۔