سعودی عرب کی طرف سے مغربی کنارے میں اسرائیل کی نئی بستیوں کی تعمیر اور آبادکاری کی کارروائیوں میں توسیع کی منظوری کی مذمت کی گئی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کا فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کے نئے منصوبوں کی اجازت دینا امن کو نقصان پہنچانا ہے۔ عالمی ادارے اسرائیلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔
وزارتِ خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی قابض حکام کے فلسطینی علاقوں میں آبادکاری کے متنازع اقدامات کے سنگین نتائج ہوں گے۔ یہ خلاف ورزیاں امن کے مواقع کوتباہ کرنے، تنازعات کو ہوا دینے، علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہیں۔
غزہ ، ریڈ کراس کے دفتر پر بمباری ، 22 فلسطینی شہید ، حماس نے اسرائیلی ٹینک تباہ کر دیا
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے بین الاقوامی احتسابی میکانزم کی عدم فعالیت میں فلسطینی علاقوں میں آباد کاری کے متنازع اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں مغربی کنارے میں آبادکاری میں توسیع کی منظوری دی گئی تھی۔