ایران میں ہیلی کاپٹر حادثہ، پاکستان میں بھی آج یوم سوگ

Youm-e-Sog

اسلام آباد: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی شہادت پر آج پاکستان میں بھی سوگ منایا جائے گا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے ایرانی صدر اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام کی شہادت کے تناظر میں آج بروز منگل کو یوم سوگ منانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق 21 مئی کو ملک بھر میں قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

صدر آصف زرداری نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے۔ عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا اور پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدر و دیگر کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ المناک نقصان پر پاکستانی قوم اور حکومت کی جانب سے ایران سے افسوس اور اظہار تعزیت کرتا ہوں، ابراہیم رئیسی ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے۔

واضح رہے کہ اتوار کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آذربائیجان کے سرحدی علاقے میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز آ رہے تھے کہ تبریز سے 100 کلو میٹر دور ضلع اُوزی اور پیر داؤد قصبے کے درمیانی علاقے میں پرواز کے آدھے گھنٹہ بعد صدر کے ہیلی کاپٹر کا دیگر ہیلی کاپٹرز سے رابطہ منقطع ہو گیا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں