پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلے دن 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا لئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا، ڈیوڈ وارنر نے 38 رنز بنائے اور وہ سلمان آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
عثمان خواجہ 42 رنز بنائے اور وہ حسن علی کا شکار بنے، سلمان آغا نے ان کا کیچ تھاما، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں پر 114 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا۔
بارش رکنے کے بعد آسٹریلوی بیٹرز نے اننگز دوبارہ شروع کی، آسٹریلیا کی تیسری وکٹ 154 کے مجموعی سکور پر گری، اسٹیون اسمتھ 26 رنز بنا کر عامر جمال کا شکار بنے۔
مارنس لبوشین 44 اور ٹریوس ہیڈ 9 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا، حسن علی اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
میلبرن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور آغا سلمان شامل ہیں۔