اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنانا پیپلزپارٹی کا حق ہے اور وزیراعلیٰ بھی پاکستان پیپلزپارٹی کا ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی گلگت بلتستان میں اپنی حکومت قائم کرے گی، تاہم سیاسی ہم آہنگی کے لیے مسلم لیگ (ن) کو گورنر، ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے دینے پر آمادہ ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لیے انتہائی اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور پوری ٹیم نے امن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کیں، جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کی خواہش ہے کہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو اور کشیدگی کا خاتمہ ہو۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششیں کامیاب ہوں گی اور جلد کسی معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔
وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت
انہوں نے کہا کہ خطے کو درپیش چیلنجز، بھارت کی دہشتگردی اور افغانستان کی صورتحال دنیا کے سامنے ہے، جبکہ موجودہ حالات کا معاشی اور سماجی بوجھ پاکستانی عوام بھی برداشت کر رہے ہیں۔
گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو نتائج کے اعلان میں تاخیر پر تحفظات تھے اور انہیں بعض معاملات پر شکایات بھی تھیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی نشستیں کم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم عوام نے اپنی رائے واضح انداز میں دی ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ ایوان صدر میں ہونے والی حالیہ ملاقات میں گلگت کے انتخابات اوروفاقی بجٹ سمیت مختلف سیاسی امورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، پیپلزپارٹی بجٹ کا مکمل جائزہ لینا چاہتی تھی تاکہ عوامی مفاد کے فیصلوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلزپارٹی عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کا عمل مکمل کرے گی اور خطے کی ترقی، استحکام اور عوامی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔
