ایران کے دارالحکومت تہران کے میئر علی رضا زاکانی نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی سرکاری تدفین کی تقریب کو مؤخر کردیا گیا ہے اور اب اس کے جون کے آخر یا جولائی کے آغاز میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پیش رفت کے بعد آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات محرم الحرام کے دوسرے عشرے میں ادا کیے جانے کی توقع ہے، جو 26 جون سے 5 جولائی کے درمیان بنتا ہے۔
اس اعلان نے تدفین کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کو ایک نئی سمت دے دی ہے، کیونکہ اس سے قبل اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ تدفین محرم الحرام کے آغاز میں ہی انجام دی جائے گی۔
جنیوا میں امریکا اور ایران معاہدے کے قریب، آبنائے ہرمز مکمل کھولنے کا امکان، بلوم برگ
میئر تہران علی رضا زاکانی کے بیان کے بعد واضح ہوا ہے کہ سرکاری سطح پر تقریب کے انتظامات اور سکیورٹی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق تدفین کی تقریب میں بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی شخصیات کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مزید وقت درکار ہے، تہران انتظامیہ نے تاحال تدفین کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سرکاری ادارے تقریب کے انتظامی اور سکیورٹی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اسی تناظر میں نئی تاریخ کا تعین کیا جائے گا تاکہ تمام امور کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
سیاسی اور مذہبی حلقوں کی نظریں اب تہران انتظامیہ کے آئندہ اعلان پر مرکوز ہیں، جس میں تدفین کی حتمی تاریخ، مقام اور سرکاری تقریبات کے شیڈول سے متعلق تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق جیسے ہی انتظامات مکمل ہوں گے، عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا جائے گا۔
