اسلام آباد، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس سمیت متعدد اہم مالی اور انتظامی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ای سی سی نے خیبرپختونخوا حکومت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاسکو کی جانب سے اضافی 50 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔
فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کو گندم 4 ہزار 150 روپے فی من کے نرخ پر فراہم کی جائے گی، جس سے صوبے میں گندم کی دستیابی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران وزارت اطلاعات و نشریات کی مختلف تشہیری اور آگاہی مہمات کیلئے 2 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ اس فنڈ سے حکومتی پالیسیوں اور عوامی آگاہی پروگراموں کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم کی پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی خلائی ادارے سپارکو کے خلائی منصوبوں اور فلکیاتی رسد گاہوں کیلئے 86 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں پاکستان کے مینڈ اسپیس مشن کیلئے بھی فنڈز کی منظوری دی گئی، جسے ملکی خلائی پروگرام کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ای سی سی نے سکیورٹی امور سے متعلق فیصلوں کے تحت فرنٹیئر کور بلوچستان ساؤتھ تربت کے آپریشنل اخراجات کیلئے 64 کروڑ 60 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی۔ حکام کے مطابق یہ فنڈز علاقے میں سکیورٹی اور آپریشنل استعداد کو مزید بہتر بنانے کیلئے استعمال ہوں گے۔
اجلاس میں کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں کیلئے معاوضہ پیکج کی مد میں 5 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ اس اقدام سے ہزاروں مزدوروں کو مالی سہولت اور ریلیف فراہم ہونے کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں مالی سال 2026-27 کے بجٹ انتظامات کیلئے ایک کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی تاکہ آئندہ مالی سال کی بجٹ سازی کے عمل کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء قیصر احمد شیخ، خالد مقبول صدیقی اور رانا تنویر حسین نے شرکت کی، جبکہ احسن اقبال اور سردار اویس لغاری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی معیشت، ترقیاتی منصوبوں، غذائی تحفظ، خلائی تحقیق اور مزدوروں کی فلاح سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
