غزہ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 4 فلسطینی شہید


غزہ: اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں مظلوم فلسطینیوں پر فائرنگ کرکے چار فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے بے دریغ آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا جس کی وجہ سے پانچ سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے، اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ایک 15 سالہ لڑکا  بھی شامل ہے جس کی شناخت ہیثم الجمال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پانچ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، غزہ کی پٹی میں ہزاروں فلسطینیوں نے اسرائیلی سرحد کے قریب مظاہرہ کیا تھا۔

14 مئی کو بھی فلسطینیوں کے احتجاجی مظاہرے میں اسرائیلی جارحیت سے 60 سے زائد افراد شہید ہوگئے تھے۔

غزہ میں آباد فلسطینی گزشتہ چند ہفتوں سے تسلسل کے ساتھ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جبری بے دخل کیے گئے فلسطینی مہاجرین کو بھی وطن واپس لایا جائے، اسرائیلی افواج نہتے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ اور تشدد کرکے درجنوں مظاہرین کو جاں بحق اور سینکڑوں کو شدید زخمی کرچکی ہے۔


متعلقہ خبریں