کورکمانڈر اجلاس: آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈر اجلاس ہوا جس میں ملک میں سیلابی صورتحال اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ جب کہ داخلی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو ہدایات دیں کہ آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھیں اور خاص طور پر کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھیں۔

شرکاء نے سیلاب کی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیو اور ریلیف کا جامع جائزہ لیا ۔

فورم نے غیرمعمولی بارشوں/سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے وسیع نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سیلاب کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا عزم کیا ۔

آرمی چیف نے جاری امدادی کوششوں کو سراہا اور آرمی فارمیشنز کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں آسانیوں کے لیے ہر ایک متاثرہ فرد تک پہنچنا چاہیے۔

 


متعلقہ خبریں