کابل: افغان طالبان نے دنیا سے غیر مشروط امداد کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں بین الا قوامی انسانی امداد کی ضرورت ہے۔
انہوں ںے کہا کہ افغانستان میں بین الاقوامی امداد کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم افغانستان کے لیے امداد شرائط سے پاک ہونی چاہیے۔
گزشتہ روز ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا تھا کہ طالبان نے پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا تھا کہ پنجشیر میں جھڑپوں کے دوران کئی باغی جنگجو ہلاک اور کئی فرار ہو گئے ہیں جس کے بعد پنجشیر کے عوام باغی کمانڈروں کی شر سے آزاد ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان بدلے نہیں، زیادہ شدت پسند ہیں، عوام بغاوت کریں، احمدمسعود
ان کا کہنا تھا کہ پنجشیر پر کنٹرول کے بعد افغانستان جنگ سے پاک ہو گیا ہے اور افغان عوام اب امن کے ساتھ زندگی گزاریں گے۔ پنجشیر کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجشیر میں امن کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے لیے ہم نے کوششیں کیں۔ جرگوں اور مذاکرات سے کامیابی نہ ہوئی تو پنجشیر میں طاقت کا استعمال کیا۔