کروڑوں دلوں میں بسنے والے معروف گلوکار، فیشن ڈیزائنر اور مذہبی اسکالر جنید جمشید ہم میں نہیں رہے، لیکن ان کے چاہنے والے آج ان کی 57 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
ہر دل عزیز جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 90 کی دہائی میں دوستوں کے ساتھ مل کر وائٹل سائنز کے نام سے ایک بینڈ بنایا اور فن موسیقی کا سہارا لیکراپنے کریئر کی ابتداء کی ۔
جنید جمشید کے بینڈ وائٹل سائنز نے آتے ہی موسیقی اور شوبز کی دنیا میں تہلکا مچا دیا۔ ہر نوجوان کی زباں پر بس انہی کے گیت ہوتےاور جب ملی نغمے پیش کئے تو ہر گیت پچھلے سے زیادہ مقبول ہوا۔
جنید جمشید کا ملی نغمہ ’’دل دل پاکستان ‘‘ نہ صرف ہر عہد میں پسند کیا گیا بلکہ آج بھی ہر عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول چلا آرہاہے ۔
پھر کچھ عرصے کے بعد وائٹل سائنز گروپ بکھرا تو جنید جمشید نے کچھ عرصے تنہابھی گلوکاری کے میدان میں جوہر دکھائے ۔
ان کی زندگی میں انقلاب اس وقت آیا جب انہوں نے گلوکاری چھوڑ کر نعت خوانی کا رخ کرلیا اورتبلیغ کے سہارے اسلام کے اور بھی نزدیک آگئے۔
یہ بھی پڑھیے: شہنشاہ جذبات، عہد ساز اداکار محمد علی کی 88ویں سالگرہ
ہر دل میں پاکستان کے لئے محبت جگانے والا یہ ستارہ 7 دسمبر 2016 کوحویلیاں کےقریب ہونے والے ایک فضائی حادثے میں شہید ہوگیا۔