میڈیا اینلسٹ آئیکون ایوارڈ ہم نیوز کی اینکر پرسن مہر بخاری کے نام


کرنٹ افیئر پروگرام کی میزبان اور حال ہی میں ’ہم نیوز‘ سے منسلک ہونے والی مہر بخاری نے میڈیا اینلسٹ آئیکون کا ویمن ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ 

مہر بخاری بہت جلد ہم نیوز کی اسکرین پر کرنٹ افیئرز کے پروگرام میں بطور اینکر پرسن اپنے فرائض سر انجام دیں گی۔

مہر بخاری کو قومی اور عالمی حالات حاضرہ کے حوالے سے منفرد تجزیے  کے باعث بہترین نقادوں  اور ٹھوس  مؤقف رکھنے  والے  صحافیوں  میں سے  ایک مانا جاتا ہے۔

مہر صحافتی میدان میں گذشتہ دو دہائیوں سے  بھروسے اور اعتماد کے ساتھ  اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں جب کہ مہر  بخاری پاکستان کے  ٹاپ نیوز چینلز کے ساتھ بھی وابستہ رہ چکی ہیں۔

پرائم ٹائم فیلگ شپ کے کرنٹ افیئرز پروگرام میں مہر بخاری کی بے باک شخصیت اور کام کرنے کی لگن انہیں مزید مضبوط بناتی ہے جب کہ مہر بخاری مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں۔

مہر بخاری وزیر اعظم عمران خان سمیت ملک کی کئی بڑی سیاسی و سماجی شخصیات کا انٹرویو کر چکی ہیں۔

اس کے علاوہ شوبز انڈسٹری میں گراں قدر خدمات پر اداکارہ یمنی زیدی اور ژالے سرحدی نے ویمن ایوارڈ اپنے نام کر لیا جب کہ ایس ایس پی عمارہ اطہر کو بھی ان کی خدمات پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی نژاد برطانوی خاتون امپائر کو برٹش ایمپائر ایوارڈ سے نوازا گیا

گورنر ہاؤس لاہور میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب سجائی گئی جس میں صحت، تعلیم، جانوروں کے حقوق، فیشن اور شوبز انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ہم ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل پیار کے صدقے سے شہرت حاصل کرنے والی اسٹار یمنی زیدی، ماڈل اور اداکارہ ژالے سرحدی کو گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ویمن ایوارڈ سے نوازا۔

اس موقع پر یمنیٰ زیدی کا کہنا تھا کہ ہرطبقے کی خواتین بہت زیادہ محنت کرتی ہیں، سب کے لیے یہ ایوارڈ ہو رہے ہیں۔

اداکارہ و ماڈل ژالے سرحدی نے کہا کہ کسی کی کمزوریوں کو ایک طرف رکھ کے صلاحیتوں کو سامنے لانا چاہیے جبکہ ہاجرہ یامین کا کہنا تھا کہ عورت مارچ ہو یا ویمن ڈے خواتین کو شانہ بشانہ کام کرنے دیں۔

یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز میں ‘بول ہو’ کا جادو: ہادیہ ہاشمی سنگر آف دی ائیر قرار

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی خواتین بااختیار ہوگئی ہیں، ہمیں ان کی قابلیت کو سراہنا ہوگا، فورس میریجز ختم ہونی چاہئیں۔


متعلقہ خبریں