لاہور: پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے 15 ستمبر سے جامعہ مرحلہ وار کھولنے کا شیڈول جاری کردیا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی خرم شہزاد کے مطابق تعلیمی ادارے کو 3 مرحلوں میں کھولی جائے گی۔ پنجاب یونیورسٹی آن لائن اور فیس ٹو فیس تدریسی نظام بیک وقت جاری رکھے گی۔
ترجمان کے مطابق پہلےمرحلے کا دورانیہ 15 ستمبر تا 25 اکتوبر پر مشتمل ہوگا۔ پہلے مرحلےمیں بی ایس اورماسٹرز کی تمام کلاسزآن لائن جاری رہیں گی۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق ایم اے پارٹ ٹو اور ایل ایل بی کے تمام امتحانات 26 ستمبر سے روایتی انداز میں ہوں گے۔ پی ایچ ڈی اور ایم فل کے طلبا کو 23 ستمبر سے ہاسٹل میں رہنےکی اجازت ہوگی۔
ترجمان خرم شہزاد کے مطابق یونیورسٹی کھلنے کے دوسرے مرحلے کا دورانیہ 2 نومبر تا 15 دسمبر پر مشتمل ہوگا۔ طلبا کے لیے فیس ٹوفیس کلاس میں حاضر ہونا لازمی نہیں ہوگا۔ یونیورسٹی کھلنے کا فیز تھری 16 دسمبر سے شروع ہوگا۔
خیال رہے کہ 7 ستمبر کو وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا حتمی اعلان کیا تھا۔
اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر(این سی او سی) نے تعلیمی ادارے کھولنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 13 مارچ کو اسکول بند کرنے کا مشکل فیصلہ کیا تھا، کورونا کے دوران بچوں کے امتحانات لینا ناممکن تھا۔
مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: تعلیمی ادارے حفاظتی اقدامات کے تحت کھولنے کی تیاریاں جاری
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ماہرین کی رائے، تھنک ٹینکس رپورٹ اورخطےکی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 ستمبر سے یونیورسٹیاں اور کالجز کھولےجائیں گے جب کہ 9 ویں اور10 ویں جماعت کے لیے بھی اسکول کھولے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ چھٹی سے آٹھویں کلاسز کے اسکول 23 ستمبر سے کھلیں گے جب کہ 30 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد پرائمری اسکول کھولےجائیں گے۔
شفقت محمود نے کہا تھا کہ والدین کا بہت شکریہ جنہوں نے 6 ماہ کا وقت بہت تحمل سے گزارا۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس، ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سمیت تمام تعلیمی اداروں پر ایس اوپیزکا اطلاق ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہو گی۔
اس موقع پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد تعلیمی اداروں کو بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں کورونا سےمتعلق حالات تسلی بخش ہیں،اسکولوں میں سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کلاس روم میں بچوں کی تعداد کو کم رکھنا ہو گا،آدھے بچےاور ایک دن آدھے بچوں کو دوسرے دن اسکول بلایاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے، یونیورسٹی اور کالجز لیب میں زیادہ رش سے گریز کیا جائے۔
خیال رہے اس سے قبل وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس ہوا تھا جس میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا تھا۔ اجلاس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے شرکت کی جبکہ وزارت صحت کے حکام نے کورونا سے متعلق بریفنگ بھی دی۔