بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کے تعلقات کی مثال پوری دنیا دیتی ہے۔ چین نے جس طرح کورونا پر قابو پایا اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں اپنے دورہ چین کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت ہو، چین کی قیادت اور عوام ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج چین پر کورونا وائرس کی صورت میں کڑا وقت آیا ہے تو ہم پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے چین آئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے جس طرح کورونا وائرس جیسے چیلنج کا سامنا کیا اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی، ہزاروں لوگ کورونا سے متاثر ہوئے لیکن کمال قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا۔ چین نے دنوں میں اسپتال کھڑے کر لیے اور آج تقریباً اس وبا پر غلبہ پا لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کا وہ صوبہ جہاں وبا کا تناسب بہت زیادہ تھا وہاں آج صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ پورے چین میں 21 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔
سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ ہماری معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔ دونوں ممالک کی قیادت ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پر عزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہم کورونا وائرس کے چیلنج سے باہر آتے جائیں گے ویسے ہی سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل ہوتی چلی جائے گی۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مثالی ہیں اور پاک چین دوستی کی مثال دنیا دیتی چلی آ رہی ہے۔
پاک چین دوستی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ سال میں یہ ہمارا چین کا چوتھا اعلی سطح کا دورہ ہے اور یہیں سے آپ اندازہ لگا لیں کہ ہمارے تعلقات کتنے ٹھوس اور گہرے ہیں۔ معاشی میدان ہو یا دو طرفہ تجارت، ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ افغان امن عمل ہو یا خطے میں امن و استحکام کی بات ہو ہم ایک دوسرے کے ساتھ باہمی مشاورت اور تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر جس طرح چین نے پاکستان کے مؤقف کی تائید اور حمایت کی اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے تعلقات کتنے گہرے ہیں۔ چین کی صورت حال کافی بدل چکی ہے اور چین اس وقت دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: کئی ممالک نے غیر ملکی آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کر دی
اُن کا کہنا تھا کہ جس رفتار سے چین ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند سالوں میں یہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے طور پر سامنے آئے گا۔