ن لیگ نئے صوبوں کی حمایتی ہے، مریم اورنگزیب


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے ہماری جماعت نئے صوبوں کے قیام کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

ترجمان ن لیگ کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے بیان کو بل کی مخالفت کے طور پر پیش کیاجارہا ہے، انہوں نے جنوبی پنجاب صوبے کی مخالفت نہیں کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کے قیام کا بل پاکستان مسلم لیگ (ن) کئی ماہ پہلے پیش کرچکی ہے۔ ‎دونوں صوبوں کے قیام کا بل مجلس قائمہ میں زیرغور ہے۔ قواعد کے تحت نیا بل پیش نہیں ہوسکتا۔

مریم اورنگزیب کے مطابق ‎شاہد خاقان عباسی نے سوال کیا تھا کہ حکومت پہلے سے جمع شدہ بل پر پیش رفت کیوں نہیں کررہی ؟ حکومت دھونس، دھاندلی اور حکومتی اختیارات کے ذریعے قواعد کو ردی کی ٹوکری میں پھیکنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎حکومت ناخن کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش نہ کرے۔ ‎حکومت اب قواعد وضوابط کا کھلواڑ بنا کرسیاست کی نذر کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کئی ماہ تک ہماری تعاون کی پیشکش کا جواب کیوں نہیں دیا؟

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ حکومت کو اچانک جنوبی پنجاب کی یاد آگئی ہے تاکہ آئی ایم ایف سے عوام کی توجہ ہٹانے کا نیا ڈرامہ ہوسکے ۔ ‎موجودہ حکومت کو نہ آئین کا پتہ ہے نہ رولز آف بزنس کا اور نہ ہی قانون سازی کا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کا بل جمع کرایا اور پنجاب اسمبلی سے قرارداد بھی منظور کرائی تھی۔ ‎حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبے کو بھی تسلیم کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا مسلم لیگ ن صوبہ جنوبی پنجاب کا قیام نہیں چاہتی اور قومی اسمبلی میں مخالفت کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں