ایل این جی اسکینڈل، مفتاح اسماعیل نے جواب جمع کرا دیا


اسلام آباد: ایل این جی اسکینڈل میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہوئے ہیں جس کے بعد انہوں نے نیب راولپنڈی کو اپنا جواب جمع کرا دیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نے نیب کے پوچھے گئے 30 سوالات کے جواب جمع کرائے ہیں۔  ضرورت پڑنے پر مفتاح اسماعیل کو دوبارہ بھی بلایا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل نیب کی جانب سے مفتاح اسماعیل سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کو بھی طلب کیا گیا تھا جس کے بعد مفتاح اسماعیل کو 30 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ دیا گیا تھا۔ اس سوالنامے کا جواب انہیں ایک ہفتے میں دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون 2018 میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی۔

 سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔


متعلقہ خبریں