ترک صدر جلد پاکستان کادورہ کریں گے، شاہ محمودقریشی

فائل : فوٹو


انقرہ:/اسلام آباد: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر رجب طیب اردگان سے جامع ملاقات ہوئی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند شخصیات نے بھی وزیراعظم سے ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دورہ ترکی کیلئے گئے وفاقی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان ہائی لیول کوآپریٹو کونسل پر پلان مرتب کیا جائیگا اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اعلیٰ سطحی کوآپریٹو کونسل پر منصوبہ بندی کرینگے۔

انہوں نے بتایا کہ 2019 کے وسط میں پاک ترک وزرائے خارجہ ملاقات میں حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

میزبان صدر کے حوالے سے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ جلد وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے، وفد میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند کاروباری افراد بھی شامل ہوں گے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان ترکی اور افغانستان کے درمیان ٹرائی لیٹرل سمٹ ہوگا، سہہ طرفہ تعلقات سمٹ پر وزیر اعظم نے آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ افغان صدر نے بھی اس میں شرکت پر مثبت جواب دیا یے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ انہوں نے ترک ہم منصب سے ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر اعتماد میں لیا، شام کی صورتحال پر ترک وزیرخارجہ نے اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ترکی میں سرمایہ کاروں سے بھی اچھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ ترکی کے سرمایہ کار پاکستان کے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صحت اور زراعت کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر بات چیت ہوئی۔


متعلقہ خبریں