نیویارک شہر کے میئر زہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کے اپنے سابقہ وعدے سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی انتظامیہ کے پاس بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وارنٹ پر عملدرآمد کا قانونی اختیار موجود نہیں۔
امریکا کے شہر نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ممکنہ گرفتاری سے متعلق اپنے مؤقف میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک سٹی انتظامیہ کے پاس ایسا کوئی قانونی اختیار موجود نہیں جس کے تحت آئی سی سی کے جاری کردہ وارنٹ پر عمل کیا جا سکے۔
زہران ممدانی کا نیتن یاہو کی گرفتاری کے بارے میں موقف سامنے آ گیا
زہران ممدانی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کی انتظامیہ نے تمام متعلقہ قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اگر بنیامین نیتن یاہو نیویارک آئیں تو کیا شہر کی انتظامیہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے گرفتاری وارنٹ پر عمل درآمد کر سکتی ہے یا نہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے کہا کہ قانونی جائزے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ نیویارک سٹی کو آزادانہ طور پر اس وارنٹ پر عملدرآمد کا اختیار حاصل نہیں، اس لیے شہر کی پولیس نیتن یاہو کو گرفتار نہیں کرسکتی۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیتن یاہو کو نیویارک میں خوش آمدید نہیں کہیں گے، جہاں ان کی ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
میئر زہران ممدانی نے اپنی ویڈیو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر زور دیا کہ اگر وہ چاہے تو نیتن یاہو کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے، کیونکہ وفاقی حکومت کے پاس اس حوالے سے قانونی اختیارات موجود ہیں۔
ملاقات کے بعد بھی ٹرمپ کو فاشسٹ اور آمر سمجھتا ہوں ، زہران ممدانی
یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل ہی ممدانی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ نیتن یاہو کو حراست میں لینے کے اپنے عزم پر قائم ہیں، اگرچہ انہوں نے اس وقت بھی قانونی پیچیدگیوں کا اعتراف کیا تھا۔
ان کے بیان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ بنیامین نیتن یاہو کو امریکا میں “کسی بھی صورت گرفتار نہیں کیا جائے گا۔”
زہران ممدانی نے 2025 کے بلدیاتی انتخابی مہم کے دوران فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آئے تو وہ نیویارک پولیس کو آئی سی سی کے گرفتاری وارنٹ پر عمل کرنے کی ہدایت دیں گے۔آئی سی سی نے نیتن یاہو پر مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتاری کا وارنٹ جاری کر رکھا ہے۔
ٹرمپ جونیئر کا زہران ممدانی کے بھارتیوں سے نفرت کے حوالے سے حیران کن انکشاف
امریکا بین الاقوامی فوجداری عدالت کے دائرۂ اختیار کو تسلیم نہیں کرتا، جبکہ متعدد قانونی ماہرین پہلے ہی یہ رائے دے چکے تھے کہ کسی مقامی میئر کے پاس کسی غیر ملکی سربراہ حکومت کو آئی سی سی کے وارنٹ کی بنیاد پر گرفتار کرانے کا اختیار موجود نہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے میئر ممدانی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اسرائیل اور اس کی قیادت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
