شاہ محمود قریشی سے چینی معاون وزیر خارجہ کی ملاقات

فوٹو: دفتر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے چین کے معاون وزیر خارجہ کونگ زوآن یو نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے  پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے کو درپیش مسائل کے حل اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوان شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہترین اور دیرپا نتائج کے حصول کے لیے سی پیک منصوبوں کے معاشرتی اور اقتصادی پہلوؤں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

وزیر خارجہ نے  سی پیک کے تحت “خصوصی اقتصادی زونز” کی جلد تعمیر پر زور دیا۔

چینی معاون وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کی معاشی و معاشرتی ترقی اور غریت کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لئے پر عزم ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی معاون وزیر خارجہ کو کابل میں ہونے والے دوسرے سہ رکنی پاکستان، چین افغانستان مذاکرات میں اپنی شرکت سے متعلق آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں