بھوبنیشور: 14ویں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز 28 نومبرسے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں ہو رہا ہے۔
16 دسمبر تک شیڈول کیے گئے میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں اسپین، نیوزی لینڈ، فرانس اور ارجینٹائن، گروپ بی آئرلینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا، چائنہ، گروپ سی میں ساؤتھ افریقا، انڈیا، کینیڈا، بیلجیئم اور گروپ ڈی میں پاکستان نیدرلینڈ، ملائیشیا اور جرمنی کو رکھا گیا ہے۔
28 نومبر کو ایونٹ کے افتتاحی میچوں میں بھارت کا مقابلہ جنوبی افریقا سے اور بیلجئیم کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا۔
پاکستان کو اپنے ابتدائی میچوں میں ہی مشکل حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ میگا ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گا، پانچ دسمبر کو پاکستان دوسرے میچ میں ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گا۔
افتتاحی تقریب
ہاکی ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج (منگل) کو ہوگی، تقریب پاکستانی وقت کے مطابق شام پانچ بجے شروع کی جائے گی۔
تقریب کو چار چاند لگانے کے لئے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان، موسیقار اے آر رحمان اور اداکارہ مادھوری ڈکشٹ بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پاکستان ہاکی
1982 میں بھارت میں عالمی کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت میں ہے۔
پاکستان 1971، 1978،1982اور 1994میں ورلڈ کپ کا فاتح رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کو اولمپکس میں کوالیفائی کرنےکے لیے ٹورنامنٹ کی ٹاپ 8 ٹیموں میں آنا لازمی ہے۔
