پاک بھارت سیریز کیس، بھارت کا جوابی ہرجانہ دائر کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے پاک بھارت سیریز کیس میں پاکستان کی درخواست مسترد کرنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے جوابی ہرجانہ دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں اطراف سے طے تھا کہ کیس جیتنے  والا اخراجات کی مد میں دعوی دائر کرنے کا حق رکھتا ہے۔ اگر پاکستان کیس جیت جاتا تو وہ بھی ہرجانے کا دعویٰ کرتا۔

واضح رہے آئی سی سی نے بھارت کی جانب دوطرفہ سیریز کے معاہدے کی خلاف ورزی کے خلاف  پاکستان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مصالحتی کمیٹی نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست خارج کر دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اپریل 2018 میں معاملہ آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا تھا جس میں پاکستان نے موقف اختیار کیا تھا کہ 2014 میں فیوچر ٹور پلان سے متعلق ہونے والے معاہدے کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز ہونی تھی، بھارت کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی ہونے کے بعد  پاکستان کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا۔

پی سی بی کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) پر 70 ملین ڈالر کا جرمانہ عائد کیا جائے تاکہ پاکستان کو ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں