پاکستان نے قندھار واقعہ کے الزامات مسترد کردیے

پاکستان نے قندھار واقعہ کے الزامات مسترد کردیے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے افغانستان کی جانب سے لگائے گئے قندھار واقعے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک نے تاحال ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے۔

جمعرات کے روز ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان قندھار واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہے اور افغانستان میں قیام امن کی خاطر کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ پالیسی کے تحت برادر مسلم ممالک میں بہتر تعلقات کی کوشش کی ہے۔ دفترخرجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کسی ملک کی جانب سے کسی دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستان اپنے ملکی مفادات کی خاطر اقدامات کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا۔

مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی قابض فوج نے 20 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا۔ پاکستان کشمیر میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاک بھارت تعلقات سے متعلق انہوں نے کہا پاکستان بھارت سے بات چیت سے گھبراتا نہیں، بات چیت کے ذریعے ہی معاملات حل کیے جا سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی شہریوں کی جانب سے پاکستانی پانیوں میں کشتی کو یرغمال بنائے جانے کا علم نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اور بھارت کے درمیان سیکیورٹی معاہدے پر تبصرہ نہیں کریں گے، یہ دونوں ممالک کا آپسی معاملہ ہے۔

وزیراعظم کے دورہ چین سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر دو سے پانچ نومبر تک دورہ کریں گے۔

ڈاکٹرفیصل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا، وہ شنگھائی میں ایکسپو سے خطاب بھی کریں گے۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم نے سعودی فرماں روا کی دعوت پر سعودی عرب گئے تھے اور عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لئے ویزا فیس میں کمی کی ہے۔


متعلقہ خبریں