اسلام آباد: ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایشین چیمپئین ٹرافی 2018 کو 18 تا 28 اکتوبر2018 کے دوران عمان میں منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دس روزہ ہاکی ایونٹ کا انعقاد عمان کے شہر مسقط میں کیا جائے گا۔ ایشیائی ملکوں سے تعلق رکھنے والی چھ ٹیمیں ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔
ایشین چیمپئینز ٹرافی میں پاکستان سمیت بھارت، ملائیشیا، کوریا، جاپان اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ایشین چیمپئینز ٹرافی کا یہ میگا ایونٹ 2011 سے ہر دوسرے برس معقد ہوتا ہے۔ اس دوران کبھی ایسا موقع نہیں آیا کہ عمان کو اس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہو۔ رواں برس پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کی میزبانی مسقط کے سپرد کی گئی ہے۔
ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی 2018 میں بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ 2016 میں بھارت نے فائنل میں پاکستانی ٹیم کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا تھا۔ گزشتہ ایونٹ ملائیشیا میں منعقد ہوا تھا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اس ماہ کے آخر میں تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو مسقط میں ہونے والے اس کڑے مقابلے کے لیے تربیت دی جائی گی۔
ماہرین کے مطابق اس مرتبہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 2018 میں تمام ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔