امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین میں روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی سہ فریقی ملاقات کے نتائج دوسری عالمی جنگ کے بعد ہونے والی تاریخی یالٹا کانفرنس جتنے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے بقول، تینوں رہنماؤں نے جوہری جنگ سے گریز اور ایران، روس اور یوکرین کے تنازعات ختم کرنے کی ضرورت پر بات کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے چین کے شہر شینژن چین اور روس کے صدور سے جمعرات کو ہونے والی ملاقات کو ایک غیر معمولی اور تاریخی سفارتی پیش رفت بھی قرار دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے 1945 کی یالٹا کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ چین روانہ ہوتے وقت اپنی ملاقات کو یالٹا کانفرنس کے جدید دور کے متبادل کے طور پر نہیں دیکھ رہے تھے، تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ یہ ملاقات کتنی اہمیت کی حامل ہو سکتی ہے۔

ان کے بقول، وہ دونوں رہنماؤں کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کی بنیاد پر اس یقین کے ساتھ ملاقات میں گئے تھے کہ وہ باہمی اختلافات کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں صدر پوٹن اور صدر شی کے ساتھ ملاقات کی تاریخی اہمیت کا اندازہ نہیں تھا، لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ یہ ایک غیر معمولی واقعہ تھا۔
واضح رہے کہ 1945 میں دوسری عالمی جنگ کے اختتام کے بعد عالمی نظام کی تشکیل اور یورپ کے مستقبل سے متعلق یالٹا میں امریکہ، برطانیہ اور سویت یونین کے رہنماؤں کے درمیان اہم معاملات پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔
یالٹا کانفرنس کیا تھی؟
یالٹا کانفرنس فروری 1945 میں سوویت یونین کے علاقے کریمیا کے شہر یالٹا میں منعقد ہوئی تھی۔ اس اجلاس میں دوسری عالمی جنگ کے اتحادی ممالک کے تین بڑے رہنماؤں نے جنگ کے بعد یورپ کی سیاسی اور جغرافیائی صورتِ حال پر بات چیت کی تھی۔
اس کانفرنس میں امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن شریک ہوئے تھے۔
اس اجلاس میں جرمنی کے مستقبل، یورپ کی نئی سیاسی ترتیب، پولینڈ کی صورتِ حال اور اقوامِ متحدہ کے قیام سے متعلق اہم معاملات زیرِ بحث آئے تھے۔
یالٹا کانفرنس کو بعد از جنگ عالمی نظام کی تشکیل میں ایک اہم موڑ سمجھا جاتا ہے۔ تاہم اس کے فیصلوں اور اثرات نے بعد میں یورپ کی تقسیم اور سرد جنگ کے ماحول کو بھی شکل دی تھی۔

اسی تاریخی پس منظر کی وجہ سے چین میں امریکہ، روس اور چین کے سربراہان کی ملاقات کو بھی بعض حلقوں میں یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔
شینژن میں ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں صدر ٹرمپ، صدر پوٹن اور صدر شی نے عالمی سلامتی، جوہری ہتھیاروں کے خطرات اور بین الاقوامی تنازعات سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ٹرمپ کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ جوہری جنگ کبھی نہیں ہونی چاہیے۔
امریکی صدر نے ایران اور روس و یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان تنازعات کے خاتمے کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔
تاہم ملاقات کے بعد سامنے آنے والی تفصیلات میں ایران یا یوکرین کے تنازعات کے حل سے متعلق کسی ٹھوس معاہدے یا حتمی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
روس اور چین کا یالٹا کانفرنس سے موازنہ پر مؤقف
اس سہ فریقی ملاقات سے قبل کریملن نے اس اجلاس کو 1945 کی یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
روسی صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا تھا کہ اس قسم کا موازنہ سیاسی تجزیہ کاروں کی قیاس آرائیوں کے سوا کچھ نہیں۔
ان کے مطابق روس اور چین ایک کثیر قطبی عالمی نظام کے حامی ہیں، جہاں کسی ملک کو دوسرے ممالک پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے بھی کہا تھا کہ تینوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان رابطوں کا مقصد اختلافات کو بہتر انداز میں سنبھالنا اور تعلقات میں استحکام پیدا کرنا ہے۔




