جکارتہ: ایشین گیمز کے ہاکی کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم کو شکست کے باعث پاکستان کا گولڈ میڈل جیتنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا۔
آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان کا سامنا جاپان سے تھا، قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم اپنی تمام کوششوں اور ایک سخت مقابلے کے بعد اسے ایک گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل بھارت کو بھی سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا، روایتی حریف ایونٹ میں تو ایک دوسرے کے خلاف میچ نہ کھیل سکے لیکن اب تیسری پوزیشن کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔
اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا اولمپک گیمز 2020 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا چانس ختم ہو گیا ہے، اولمپک گیمز میں رسائی کے لیے اب پاکستان کو کوالیفائنگ راؤنڈ سے گزرنا ہو گا۔
شائقین کے لیے حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ قومی ٹیم نے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا.
ایشین گیمز کے اب تک ہونے والے ہاکی مقابلوں میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ پول میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف 45 گول اسکور کیے ہیں۔ اب تک ملایشیا پاکستان کے خلاف ایک گول اسکور کرنے والی واحد ٹیم ہے۔
پاکستان نے اپنے پہلے دو میچوں میں تھائی لینڈ اور عمان کو دس، دس گول سے شکست دی تھی، ایونٹ کے تیسرے میچ میں قازقستان کو 0-16 سے اور چوتھے پول میچ میں ملائیشیا کو 1-4 سے ہرایا تھا۔
