کینیڈا کو تیل کی ترسیل جاری رہے گی، سعودی عرب


ریاض: سعودی وزیر توانائی خالد الفالح  نے کہا ہے کہ کینیڈا کو تیل کی ترسیل جاری رہے گی۔

جمعرات کو سعودی عرب کے وزیر توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے باہمی تجارت کا سالانہ حجم  چار ارب ڈالر ہے، سیاسی پالیسی کو پٹرول کی سپلائی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مضبوط اور طویل پالیسی رکھتا ہے، سعودی عرب اور کینیڈا کے درمیان حالیہ سفارتی بحران کی وجہ سے ہمارے تیل کے خریدار کسی صورت متاثر نہیں ہوں گے۔

گزشتہ ہفتے کینیڈا کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید انسانی حقوق کے کارکنوں کے حق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا جس کے بعد سعودی عرب نے کینیڈا سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اتوار کے روز کینیڈین سفیر کو ملک بدر کر دیا تھا۔

اوٹاوا کی جانب سے کارکنوں کی رہائی کے مطالبے کے بعد ریاض نے کینیڈا سے درآمدات پر پابندی لگا دی تھی اور کینیڈا میں جاری تعلیمی اور طبی پروگرام ختم  کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں