اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ وہ کون سی قوتیں تھیں جنہیں پولنگ اسٹیشن میں جانے کی اجازت دی گئی اور انہیں یہ اجازت کس قانون کے تحت دی گئی۔
’ہم نیوز‘ کے پروگرام ’نیوزلائن‘ میں میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج تمام سیاسی جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا، کون سے ایسے پولنگ اسٹیشنز تھے جہاں جنات کا سایہ تھا، ووٹرز کی گنتی میں اتنا وقت کیسے لگ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں خود ان الیکشنز میں دھاندلی کا شکار ہوا ہوں، ریٹرننگ آفیسر (آر او) کا فیصلہ تھا کہ گنتی دوبارہ کرائی جائے لیکن بعد میں انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا، میں ان سب معاملات کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔
رہنما تحریک انصاف فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اچھی اپوزیشن کی ضرورت ہے لیکن بد قسمتی سے یہاں پچھلے دس سال میں اچھی اور مضبوط اپوزیشن نہیں رہی، ہم تو چاہتے ہیں کہ ہمیں مضبوط اپوزیشن کا سامنا ہو جو ملکی مفاد کے لیے کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس دفعہ انتخابات میں بہت دھاندلی ہوئی ہے کیونکہ ان لوگوں کو ووٹ نہیں ڈالنے دیے گئے جو اس دنیا سے جا چکے ہیں، ایک ووٹر کو ایک ہی ووٹ ڈالنے دیا گیا اور تین دن پہلے کسی سے شناختی کارڈ بھی نہیں لیے گئے۔
ایم کیو ایم سے اتحاد کے بارے میں رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کو بدل سکتے ہیں اور بدلیں گے، پیپلز پارٹی کراچی میں بری طرح ناکام ہوئی ہے ، یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایم کیو ایم سے اتحاد کیا ہے۔