کراچی کی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
بدھ کے روز بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں 600 مربع گز کے رہائشی پلاٹ پر 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی تھی۔ عمارت گرنے کے وقت وہاں مزدور کام کررہے تھے اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔ واقعہ کے فوری بعد ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی اداروں نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن 45 گھنٹے سے جاری ہے اور ملبے سے اب تک 6 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں فرحان ولد سید عزیز، نوید ولد عزیزالرحمان، محمد ارسلان ولد غلام محمد، محمد وقاص ولد محمد فیاض، عابد علی ولد مصطفیٰ اور علی حسن ولد محمد بلال شامل ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی تاحال زیر علاج ہے۔ علاوہ ازیں لاپتا افراد کے اہل خانہ بھی اپنے پیاروں کی تلاش کے لیے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام اور سرچ آپریشن جاری ہے، اب تک ملبے کا 20 سے 25 فیصد حصہ ہٹایا جا چکا ہے جبکہ مکمل ملبہ ہٹانے میں مزید 3 سے 4 دن لگ سکتے ہے۔
دیگر غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی
دوسری جانب عمارت گرنے کے واقعہ کے بعد پولیس کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ کراچی پولیس کے مطابق عمارت کے اسٹرکچرل انجینئر اور آرکیٹیکٹ سمیت مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ واقعہ کا مقدمہ ٹیپو سلطان تھانے میں قتل، غفلت اور لاپروائی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیے گئے 4 ملزمان کو عدالت میں بھی پیش کیا تھا جہاں تفتیشی حکام نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
ادھر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے جائے حادثہ کے اطراف میں قائم مبینہ غیر قانونی عمارتوں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کردی ہے اور ایسی ہی عمارتوں کو مسمار کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کاشف نبی کھوڑو نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد کو عہدے سے ہٹانے اور ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ایسٹ اور ایس ایس پی ایسٹ کو بھی عہدوں سے ہٹانے جبکہ ایس بی سی اے کے 16 افسران کو معطل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کی گرفتاری کا بھی حکم دیا تھا۔
عمارت گرنے کی وجہ کیا بنی؟
ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر کے مطابق کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک 4 میں واقع 600 مربع گز کے رہائشی پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون یعنی 2 منزلہ عمارت کی تعمیر کی منظوری دی گئی تھی تاہم وہاں گراؤنڈ پلس 5 یعنی 6 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ ایس بی سی اے نے عمارت کی غیر قانونی تعمیر کے خلاف کارروائی شروع کی تھی تاہم بلڈر سے منسلک ذیشان نامی شخص نے 4 اگست کو عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا تھا جس کے باعث عمارت گرانے یا تعمیراتی کام میں مداخلت کی کارروائی رک گئی تھی۔


