پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ پر مشتمل سہ فریقی مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم کا 2 روزہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں سعودی عرب اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان جاری کشیدگی سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ غیر ملکی وفود کی آمد اور سہ فریقی دفاعی اجلاس کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں 27 نومبر کو مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ تاہم جمعے کو لازمی سروسز کے تمام ادارے معمول کے مطابق کام کریں گے۔
جس معاہدے کے تحت یہ اجلاس ہو رہا ہے اس پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے رواں سال اگست میں دستخط کیے تھے۔ معاہدے کی نوعیت دفاعی ہے جس کے تحت تینوں ممالک نے کسی ایک ملک پر حملے کی صورت میں اس کی مدد کا عہد کیا تھا۔
اس اتحاد کا مرکزی فیصلہ ساز فورم ’اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی‘ ہے جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور سربراہانِ دفاعی افواج شامل ہیں۔
اتحاد کے امور میں رابطہ کاری کے لیے ریاض میں مستقل سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو 3 سال کے لیے اس کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ رکن ممالک کے حکام پر مشتمل ایک ورکنگ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے۔
ترکیہ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کے بعد تینوں رکن ممالک کی شمولیت کا عمل مکمل ہو چکا ہے تاہم وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق اتحاد کا ادارہ جاتی اور عملی ڈھانچہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ابھی ”ابتدائی مراحل“ میں ہے اور اس کے لائحہ عمل اور عملی طریقہ کار طے کرنے کے لیے باقاعدگی سے اجلاس ضروری ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں ہمیں متواتر اجلاس کی ضرورت ہے تاکہ جو کچھ تشکیل دیا جا رہا ہے اسے درست سمت دی جا سکے اور آئندہ چند ماہ میں تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے آگے بڑھ سکیں۔
آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بارے میں انہوں نے تصدیق کی کہ اس میں تینوں ممالک کے وزرائے دفاع اور خارجہ شرکت کریں گے۔
اجلاس کے ایجنڈا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع پر تبادلہ خیال ہو گا۔
نوٹ: خبر میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
