کراچی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکرٹری بلدیات، ڈپٹی کمشنر و ایس ایس پی ایسٹ کو عہدوں سے ہٹانے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی۔ حادثے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں آج بھی ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد اب تک کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، میئر کراچی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد کو عہدے سے ہٹانے کے ساتھ ان کی خدمات وفاقی حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ ان کے خلاف وفاق سے انکوائری کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
وسیم شمشاد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جبکہ وزیر داخلہ کی مشاورت سے ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایس بی سی اے کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ضروری انکوائری کے بعد اگر اتھارٹی کا کوئی ملازم واقعے میں ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔
مراد علی شاہ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی جبکہ چیف سیکریٹری کو عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دیا تاکہ واقعے کی ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے۔
ریسکیو آپریشن جاری
دوسری جانب منہدم عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو 1122 سندھ کے ترجمان کے مطابق امدادی ٹیمیں عمارت کے دونوں اطراف سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کررہی ہیں جبکہ تیسرے رخ پر واقع خالی پلاٹ کی دیوار گرا کر بھاری مشینری کے لیے راستہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق خالی پلاٹ کی جانب سے بھاری مشینری جائے وقوعہ پر پہنچا دی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کی ایک ٹیم نے منہدم عمارت کے اندر بھی رسائی حاصل کرلی ہے جہاں تلاش کا عمل جاری ہے۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جدید آلات اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو تلاش کررہی ہے۔
عمارت گرنے کی وجہ کیا تھی؟
منہدم ہونے والی عمارت کراچی ایڈمنسٹریشن ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک 4 میں واقع رہائشی پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون یعنی 2 منزلہ عمارت کا نقشہ منظور تھا تاہم وہاں گراؤنڈ پلس 5 عمارت تعمیر کی گئی تھی۔
ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈی جی کے مطابق عمارت کی تعمیر غیر قانونی تھی اور اس کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت تھا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے غیر قانونی تعمیر کے خلاف کارروائی شروع کی تھی تاہم بلڈر سے منسلک ذیشان نامی شخص نے 4 اگست کو عدالت سے حکم امتناع حاصل کرلیا تھا۔ ان کے مطابق عدالتی حکم کے تحت عمارت گرانے یا تعمیراتی کام میں مداخلت سے روک دیا گیا تھا۔
دوسری جانب بلڈرز کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے کہا تھا کہ متعلقہ عمارت کا بلڈر تنظیم کا رکن نہیں ہے۔ آباد کے ترجمان کے مطابق بادشاہ خان اور ذیشان نامی ٹھیکیدار نے عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی تھی جبکہ پلاٹ نمبر سی 163، بلاک 4 ایڈمن سوسائٹی میں واقع رہائشی پلاٹ تھا۔
کراچی میں عمارتیں گرنے کے واقعات
کراچی میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران رہائشی اور زیر تعمیر عمارتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
گزشتہ برس جولائی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ اس سے قبل مارچ 2020 میں گولیمار میں عمارت منہدم ہونے سے 27 افراد جان سے گئے تھے جبکہ اسی سال جون میں لیاری میں ایک اور عمارت گرنے سے 22 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
دسمبر 2021 میں کراچی کے علاقے شیرشاہ میں نجی بینک کی عمارت دھماکے کے نتیجے میں منہدم ہوئی تھی جس میں 17 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ رواں سال فروری میں سولجر بازار میں گیس دھماکے کے باعث رہائشی عمارت گرنے سے 15 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے۔
جولائی 2025 میں لیاری کے سانحے کے بعد سندھ کے وزیرِ بلدیات سعید غنی نے انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں 588 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔



