جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ملک گیر احتجاج کی کال کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اور موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو پر شمال کی جانب جانے والی ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (ایچ ٹی وی) کا داخلہ بعض ٹول پلازوں پر ’تا حکمِ ثانی‘ بند کر دیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر مختلف پوسٹس میں نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس نے بتایا ہے کہ قومی شاہراہ این۔55 پر لاڑکانہ کے قریب، این۔25 پر قلات میں مغلزئی چوک کے نزدیک، این۔50 پر بوستان کراس اور خانوزئی گرڈ سٹیشن کے مقام پر، جبکہ این۔5 پر نوشہرو فیروز بائی پاس کنڈیارو کے قریب احتجاج کے باعث سڑک بند ہے۔
اسی طرح ایم ٹو موٹروے پر چکری نارتھ، کیپیٹل اسمارٹ سٹی، ٹھلیاں، بلکسر، نیلہ، اور کلر کہار ٹول پلازوں سے شمال کی جانب ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ملک بھر میں احتجاج کرتے ہوئے راستوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو بلاک کریں۔ انہوں ںے یہ کال سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کی مبینہ حکومتی کوششوں کو قرار دیا تھا۔
اطلاع !
موٹروے ایم-2، درج ذیل ٹول پلازوں پر بجانب شمال ہیوی ٹرانسپورٹ گاڑیوں (HTV) کا داخلہ تاحکمِ ثانی بند ہے۔• چکری نارتھ ٹول پلازہ
• کیپیٹل اسمارٹ سٹی ٹول پلازہ
• ٹھلیاں ٹول پلازہ
• بلکسر، نیلہ ٹول پلازہ
• کلر کہار اورللہ ٹول پلازہ— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) November 26, 2026
مولانا فضل الرحمان کی کال کے بعد جمعیت کے کارکنوں نے پشاور میں احتجاجاً ایم ون موٹروے ٹول پلازہ بند کر دیا، جس کے بعد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی اور دونوں اطراف آمدورفت معطل ہو گئی۔
بلوچستان کے ضلع نصیر آباد-ڈیرہ مراد جمالی میں بھی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان نے شاہ پٹرول پمپ کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ بلاک کر دی۔
جے یو آئی (ف) کے میڈیا سیل کے مطابق کوہاٹ میں ڈھوڈہ چوک کے مقام پر انڈس ہائی وے بند کی گئی، جبکہ چشمہ کے مقام پر میانوالی اور کنڈل جانے والی دونوں شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
جے یو آئی (ف) نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت روکی گئی، جب کہ حب میں بھوانی کے مقام پر کوئٹہ، کراچی قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح کوئٹہ میں سبی روڈ اور لاڑکانہ بائی پاس کے مقام پر انڈس ہائی وے پر دھرنا دے کر سڑک بند کر دی گئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے داخلے پر پابندی
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے مولانا فضل الرحمان سمیت جمعیت علمائے اسلام کے 9 رہنماؤں کے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈی سی سرگودھا کے مطابق مولانا امجد خان سمیت جے یو آئی کے 9 رہنما 30 روز تک سرگودھا میں داخل نہیں ہو سکیں گے، پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




