حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کر دیا۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 313 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 346 روپے مقرر کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 27 نومبر کیلیے ہو گا۔
واضح رہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مارچ کے مہینے میں اضافہ ہونا شروع ہوا تھا اور 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
بعد ازاں 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔


