سونے کی قیمت میں مسلسل دو روز اضافے کے بعد آج بڑی کمی ہوئی ہے اور ایک تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا ہو گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کو فی تولہ سونا 11 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 73 ہزار 936 روپے کا ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 860 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 20 ہزار 589 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ہے اور ایک تولہ چاندی 224 روپے کم ہو کر 4 ہزار 463 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام چاندی کی قیمت 192 روپے کمی کے ساتھ 3 ہزار 826 روپے ہوگئی ہے۔
سونے کی قیمت میں گزشتہ دو روز سے اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔ پیر کو فی تولہ سونے کی قیمت 7 ہزار 800 جب کہ منگل کو 1300 روپے بڑھ گئی تھی۔ البتہ آج اس میں بڑی کمی ہوئی ہے۔
اس سے قبل 18 نومبر کو 13 ماہ بعد فی تولہ سونے کی قیمت چار لاکھ روسے سے نیچھے آگئی تھی۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار ہے اور بدھ کو بھی قیمتی دھات ایک فیصد سستی ہوئی ہے۔ گزشتہ جمعے کو سونے کی قیمت 14 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق آج اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد کمی کے بعد 3 ہزار 519 ڈالر 94 سینٹ فی اونس ہوگئی جبکہ دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی 1.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 3 ہزار 519 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
سونے کے علاوہ دیگر قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتِ حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔



