اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس نہیں، پاکستان میں 171 ملین پاؤنڈز آئے تھے، اس رقم سے قومی خزانے کو نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوا جبکہ میڈیا اس کیس سے متعلق غلط رپورٹنگ کر رہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی تھی جس میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزاؤں کے خلاف مرکزی اپیلوں کی سماعت براہِ راست نشر کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالتی کارروائی تک عوام کی براہ راست رسائی سے شفافیت کو فروغ ملے گا، قیاس آرائیوں میں کمی آئے گی اور عدالت میں پیش کیے جانے والے دلائل کی درست رپورٹنگ ممکن ہو سکے گی۔
آج چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مرکزی اپیلوں کی سماعت کی تو سلمان صفدر نے لائیو اسٹریمنگ کی درخواست پر دلائل دینے کی اجازت مانگی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ گزشتہ سماعت پر ہی یہ استدعا مسترد کر چکے ہیں اور لائیو اسٹریمنگ کی درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے زیرالتوا ہے۔ جب تک اس حوالے سے قواعد نہیں بنتے، براہ راست نشریات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سلمان صفدر نے کہا کہ آج کل جدید ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے اور ویڈیو لنک کے ذریعے بھی دلائل دیے جا رہے ہیں، یہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کا کیس ہے جبکہ سپریم کورٹ میں بھی لائیو اسٹریمنگ کی جاتی ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے قواعد و ضوابط کی پیروی کے پابند نہیں بلکہ ایک خودمختار باڈی ہیں۔
’وہ سابق وزیراعظم ہیں، یہ بات سنہری حروف میں لکھنی چاہیے‘
چیف جسٹس نے سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتائیں کہ لائیو اسٹریمنگ کیوں ہونی چاہیے، یہاں اسکرینیں لگی ہوئی ہیں اور سینکڑوں لوگ کارروائی دیکھ رہے ہیں، یہ اوپن کورٹ ہے اور لوگ آخر تک سماعت دیکھ سکتے ہیں، اس عدالت میں لائیو اسٹریمنگ کی کوئی ضرورت نہیں، آپ کیوں اصرار کر رہے ہیں؟
سلمان صفدر نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی 74 سال کے اور سابق وزیراعظم ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے دلچسپ ریمارکس دیے کہ یہ بات تو اب انہیں سنہری حروف میں لکھ لینی چاہیے کہ وہ سابق وزیراعظم ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا، ”آپ اتنی بار یہ بات کہہ چکے ہیں، آپ ایسے باتیں کر رہے ہیں جیسے ہم پہلی بار اس عدالت میں آئے ہیں اور جیسے اس وقت اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج ہی نہیں تھے۔“
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ عدالت کو ناراض نہیں کرنا چاہتے۔ اس پر چیف جسٹس نے جواب دیا کہ میں ناراض نہیں ہوں، عدالت کا کام ناراض ہونا نہیں ہے۔
’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کا کیس ہے‘
سلمان صفدر نے اسی عدالت کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی جانب سے ماضی میں لائیو اسٹریمنگ کی اجازت دینے کا حوالہ دیا تو چیف جسٹس نے کہا کہ اس وقت وہ خود چیف جسٹس تھے اور انہوں نے اجازت نہیں دی تھی بلکہ متعلقہ جج نے ان کی منظوری کے بغیر اپنے طور پر لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
سلمان صفدر نے استدعا کی کہ جب تک لائیو اسٹریمنگ کے قواعد نہیں بنتے اپیلوں کی سماعت بھی ملتوی کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ رولز بننے میں کتنی دیر لگتی ہے، عدالت تب تک اپیلیں ملتوی کر دے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے، ”آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، اپنی اپیل شروع کریں، عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں، یہ میرا کام ہے۔“
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم اس بات کو سمجھتے ہیں کہ یہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کا کیس ہے۔
‘6 ملزمان غیر حاضر رہے، کیس صرف 2 کی حد تک رہا’
بعدازاں بیرسٹر سلمان صفدر نے مرکزی اپیلوں پر دلائل کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس کیس میں 13 نومبر 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا اور فیصلے تک وہ گرفتار رہے۔ انہیں 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے جبکہ بشریٰ بی بی کو معاونت کے الزام میں 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو ٹرائل کے دوران کبھی گرفتار نہیں کیا گیا اور قومی احتساب بیورو(نیب) نے بھی انہیں گرفتار نہیں کیا۔
عدالت کی جانب سے چارج شیٹ پڑھنے کی ہدایت پر سلمان صفدر نے پہلے ریفرنس پڑھنے کی اجازت مانگی اور بعدازاں فرد جرم بھی پڑھ کر سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ مرزا شہزاد اکبر، ملک ریاض، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیرحاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف 2 ملزمان کی حد تک کیس آگے بڑھایا۔
برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کا ذکر کرتے ہوئے سلمان صفدر نے بتایا کہ مجسٹریٹ نے ملک ریاض کے خاندان کے اکاؤنٹس منجمد کیے تھے۔
’زمین پہلے ذولفقار عباس بخاری کے نام منتقل ہوئی‘
سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 14 دسمبر کو برطانوی جج کی جانب سے 20 ملین پاؤنڈز کے پہلے اکاؤنٹ فریزنگ آرڈر کے بعد ہائیڈ پارک کی ایک پراپرٹی اور مزید 120 ملین پاؤنڈز کا فریزنگ آرڈر جاری ہوا، یوں مجموعی رقم 190 ملین پاؤنڈز بنتی ہے۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ 12 اگست 2019 کو ملک ریاض برطانیہ میں قانونی کارروائی کی زد میں آئے اور ان کی رقم منجمد ہوئی جبکہ اس سے پہلے اپریل 2019 میں وہ القادر ٹرسٹ کو زمین عطیہ کر چکے تھے۔
سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ رشوت تو کوئی شخص تب دیتا ہے جب وہ کہیں پھنس جائے، یہاں تو ملک ریاض کے خلاف برطانیہ میں کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی زمین عطیہ کی جا چکی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اپریل 2019 میں بحریہ ٹاؤن نے ذوالفقار عباس بخاری کے ذریعے القادر ٹرسٹ کو 458 کنال زمین عطیہ کی تھی۔ یہ زمین بانی پی ٹی آئی کے نام منتقل نہیں ہوئی بلکہ پہلے ذوالفقار عباس بخاری اور پھر القادر ٹرسٹ کے نام پر گئی۔
‘190 ملین نہیں 171 ملین پاؤنڈز آئے’
سلمان صفدر نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈز نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈز آئے تھے، یہ 190 ملین پاؤنڈز کا کیس ہی نہیں اور میڈیا غلط رپورٹنگ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے وہ لائیو اسٹریمنگ چاہتے ہیں تاکہ عوام خود عدالتی کارروائی دیکھ سکیں۔
رقم پاکستان منتقل کرنے کے طریقہ کار پر دلائل دیتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہ 2 دسمبر 2019 کو رقم واپس لینے کے لیے ایک نوٹ تیار کیا گیا جسے کابینہ نے 3 دسمبر کو منظور کیا جبکہ مقدمے میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ کابینہ کی منظوری سے پہلے ہی 6 نومبر 2019 کو خفیہ ڈیڈ پر دستخط کیے جا چکے تھے۔
سلمان صفدر کے مطابق نیب کا الزام ہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے وزیراعظم کو نوٹ بھجوایا تھا جسے کابینہ نے منظور کیا اور انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ خفیہ ڈیڈ پر دستخط کیے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اس حوالے سے مزید دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیس کے مطابق رقم اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی جو ملک ریاض کے 460 ارب روپے کے جرمانے کی ادائیگی کے لیے کھولا گیا تھا۔
’نیب کا کیس ہی کچھ اور ہے‘
ان کا کہنا تھا کہ نیب کو یہ معلوم نہیں کہ ملک ریاض کی منجمد رقم کن اکاؤنٹس میں موجود تھی اور نہ ہی یہ معلوم ہے کہ رقم کب اور کیوں منجمد ہوئی۔
سلمان صفدر مزید کہا کہ نیب کا یہ کیس نہیں کہ 171 ملین پاؤنڈز بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے بلکہ اعتراض یہ ہے کہ رقم اسٹیٹ بینک کے بجائے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کے اکاؤنٹ میں کیوں آئی۔
سلمان صفدر نے کہا کہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں 4 سال تک پڑی رہی اور سپریم کورٹ نے اس رقم کی سرمایہ کاری کی جس سے منافع بھی حاصل ہوا۔
’رقم کہاں گئی؟‘
سلمان صفدر نے سوال اٹھایا کہ ”اگر یہ قومی خزانے کے نقصان کا کیس ہے تو رقم کہاں گئی؟ پیسہ بھی موجود ہے، زمین بھی موجود ہے اور ٹرسٹ بھی موجود ہے، نقصان کس چیز کا ہوا؟ یہ رقم سپریم کورٹ کی سرمایہ کاری سے دوگنا ہو گئی اور قومی خزانے کو نقصان اس مقدمے کے ذریعے ہوا کیونکہ اس پر مہنگی ترین پراسیکیوشن کی گئی۔“
سلمان صفدر نے کہا کہ اگر وہ ہوتے تو کہتے کہ جہاں سپریم کورٹ انوالو ہے وہاں یہ کیس ہی نہ چلایا جائے، سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو اس مقدمے میں یا تو گواہ بنایا جا سکتا تھا یا پھر وہ دوسری بات کہنا نہیں چاہتے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سپریم کورٹ میں 4 سال تک موجود رہنے والی رقم کو جرم سے حاصل ہونے والی رقم کیسے قرار دیا جا رہا ہے؟
’یہ پیسہ پاکستان واپس لانے کا انوکھا کیس ہے‘
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مقدمات پاکستان سے پیسہ باہر لے جانے کے بنتے رہے ہیں لیکن یہ پاکستان میں پیسہ لانے کا انوکھا کیس ہے۔ سلمان صفدر نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کو کریڈٹ جاتا ہے کہ وہ پیسہ پاکستان لائے لیکن اب جیل میں ہیں۔
خفیہ ڈیڈ سے متعلق سلمان صفدر نے دلائل پیش کیے کہ اس پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے دستخط موجود نہیں ہیں، مقدمے میں الزام ہے کہ مرزا شہزاد اکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی کے حکام کے ساتھ خفیہ ڈیڈ پر دستخط کیے اور ان سے مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ “نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک بھی ایسٹ ریکوری یونٹ کا حصہ تھے، ان اداروں کو معلوم کیوں نہیں ہو سکا کہ کیا ہو رہا ہے؟ اگر اتنے اداروں کو معلوم نہیں ہو سکا تو بانی پی ٹی آئی کو کیسے معلوم ہو جاتا؟ اتنی وسیع کابینہ کو علم نہیں ہو سکا تو بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتہ چل جاتا؟ پھر خفیہ ڈیڈ میں ان کی معاونت کہاں سے آ گئی؟”
’القادر ٹرسٹ کو فرضی قرار دیا دیا گیا‘
اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا نیب یا کسی اور ادارے کا افسر ذاتی حیثیت میں اس کا حصہ تھا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ ایک خودمختار باڈی تھا اور چیئرمین نیب کے ماتحت نہیں تھا۔
القادر ٹرسٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہ اسے فرضی قرار دے کر ضبط کر لیا گیا جبکہ یہ ایک فعال تعلیمی ادارہ ہے جہاں 150 سے زائد بچے اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کے مطابق ملک ریاض نے بعد میں بھی ٹرسٹ کی عمارت کی تعمیر اور فرنیچر کے لیے رقم فراہم کی لیکن یہ رقم بھی بانی پی ٹی آئی کے ذاتی اکاؤنٹ میں نہیں بلکہ ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں آئی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف ٹرسٹ کو بوگس قرار دیا جا رہا ہے اور دوسری طرف اس کی تعمیر اور فرنیچر کے لیے رقم فراہم کیے جانے کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے۔
سلمان صفدر نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کہاں قائم ہے، یہ بات بھی اہم ہے، کوئی رشوت لے تو پرائم زمین حاصل کرے گا جبکہ القادر ٹرسٹ سوہاوہ میں بنجر زمین پر قائم کیا گیا ہے۔
فرد جرم کے نکات پر دلائل دیتے ہوئے سلمان صفدر نے کہا کہ چارج میں ایسا تاثر دیا گیا جیسے القادر ٹرسٹ موجود ہی نہیں بلکہ کوئی فرضی ادارہ ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی پر غیرقانونی رقم پاکستان لانے میں مدد فراہم کرنے کا الزام ہے لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ رقم غیرقانونی کیسے تھی۔
انہوں نے کہا کہ اگر 171 ملین پاؤنڈز جرم سے حاصل ہونے والی رقم تھی تو اس کے نتائج ہوں گے لیکن اگر یہ صاف رقم تھی اور کسی دوسرے شخص کی ملکیت تھی تو وہ اسے کہیں بھی منتقل کر سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں اس معاملے کو کرمنل کارروائی نہیں بلکہ سول کارروائی قرار دیا گیا تھا اور وہاں کے قانون میں پلی بارگین کی شقیں موجود نہیں ہیں، نیب بتائے کہ یہ رقم جرم سے حاصل ہونے والی کیسے تھی؟
سلمان صفدر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ رقم وہاں جمع کرائی جائے تو پھر اس کے علاوہ کون سا حکم تھا کہ پیسہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں نہیں آنا چاہیے تھا؟ یہ ملک ریاض کا پیسہ تھا، وہ جہاں چاہتا بھیج سکتا تھا۔
سلمان صفدر نے کہا کہ اگر رقم غلط ہوتی تو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں 4 سال تک پڑی نہ رہتی۔ ان کے مطابق مقدمے میں ابھی بہت سے اہم پہلو موجود ہیں جو وہ آئندہ سماعت پر عدالت کے سامنے رکھیں گے۔
’مبہم ریفرنس دائر کیا گیا‘
فرد جرم میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف القادر ٹرسٹ کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرنے کا الزام عائد کیے جانے پر سلمان صفدر نے کہا کہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنا مالی فائدہ حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے چارج میں بھی لکھا گیا کہ انہوں نے اہم کردار ادا کیا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کا مخصوص کردار کیا تھا۔
ان کے مطابق دونوں کے خلاف مبہم ریفرنس دائر کیا گیا اور اسی طرح مبہم فرد جرم عائد کی گئی جبکہ غیرقانونی لین دین سے متعلق الزامات کے دستاویزی شواہد بھی پیش نہیں کیے گئے۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے سلمان صفدر کے بعض دلائل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی بیانات ہیں وکالت نہیں۔ اس سے قبل سلمان صفدر نے کہا تھا کہ نیب قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا مؤقف اختیار کرتا ہے لیکن جب وہ تفصیلات پڑھیں گے تو عدالت حیران ہو گی کہ یہ قومی خزانے کا نقصان تھا یا فائدہ۔
سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بانی سے ان کی ایک اور ملاقات کروا دی جائے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ ایڈووکیٹ جنرل سے کہہ دیں گے۔
دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کا تمام ریکارڈ جمع کرا دیا گیا ہے اور عدالتی حکم کے مطابق انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں اٹیچ باتھ روم والا کمرہ بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
بعد ازاں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔
القادر ٹرسٹ کیس
القادر ٹرسٹ کیس میں 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں۔ یہ رقم برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے برآمد کی تھی اور عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ کے دور میں پاکستان کو واپس کی گئی تھی۔
نیب نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے برطانیہ سے واپس آنے والی رقم کے معاملے میں سہولت فراہم کرنے کے بدلے ایک پراپرٹی ڈویلپر سے زمین اور دیگر فوائد حاصل کیے۔
احتساب عدالت نے گزشتہ برس 17 جنوری کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اس کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کو 14 سال اور ان کی اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
دونوں نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
18 نومبر کو ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کی تیاری کے لیے 2 ہفتے کی مہلت مانگی تھی۔ تاہم عدالت نے انہیں ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔
