چین کے خلائی اسٹیشن تیان گونگ پر پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کیلیے 100 سے زائد اقسام کے خصوصی حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں۔
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چینی خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ 25 نومبر کو چین کے خلائی مشن شین ژو-24 کے ذریعے خلائی اسٹیشن پہنچے اور چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے۔ محمد ذیشان اور چینی خلابازوں کے پہنچنے سے پہلے سے شین ژو-23 مشن کے تین خلا باز خلائی اسٹیشن پر موجود تھے۔
محمد ذیشان علی خلا میں تقریباً پانچ سے 10 روز قیام کریں گے، جہاں وہ حیاتیاتی اور مادی علوم سمیت مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان کی واپسی شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے متوقع ہے۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این کے مطابق چین کے خلائی اسٹیشن پر 6 افراد کیلیے خصوصی ضیافت کا انتظام کیا گیا ہے، جس میں پاکستانی اور چینی خلا باز ایک ساتھ کھانا کھائیں گے، مینیو میں بیف نہاری، لیمب قورمہ ، بٹر چکن اور چنے کا سالن بھی شامل ہے۔
Butter chicken in space? Yes, it’s on the menu.
#China’s space station is hosting a dinner for six, with a specially curated halal food selection of over 100 varieties for its Pakistani astronaut, including beef nihari, lamb korma and curried chickpeas. https://t.co/hAQhojr4qG
— CGTN (@CGTNOfficial) November 25, 2026
چائنا ایسٹروناٹ سینٹر کے محققین نے پاکستانی کھانے پینے کی عادات، ثقافت اور غذائی ترجیحات کا جائزہ لینے کے بعد خصوصی مینیو تیار کیا۔ کھانوں میں ہلدی اور دیگر مصالحوں کا استعمال بھی پاکستانی ذائقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، جبکہ مختلف پکوانوں کو ذائقے اور معیار کے حوالے سے متعدد مرتبہ آزمایا گیا۔
معروف چینی تجزیہ کار شین شیوی کا کہنا ہے کہ خلابازوں کیلیے حلال کھانوں کے علاوہ ہم نے کالی چائے کا بھی اہتمام کیا ہے۔
So nice!🇨🇳China’s Space Station is hosting a dinner to welcome Shenzhou-24 crew.
😋A specially curated halal food selection of over 100 varieties for our🇵🇰#Pakistani astronaut, including beef nihari, lamb korma and curried chickpeas.
Of course, we also offer black tea.☕️ https://t.co/29HSVZNbzp
— Shen Shiwei 沈诗伟 (@shen_shiwei) November 26, 2026
خیال رہے خلائی اسٹیشن پر کششِ ثقل نہ ہونے کے باعث زمین کی طرح کھانا پکانا ممکن نہیں ہوتا، اس لیے خلا بازوں کیلیے کھانے زمین پر تیار کرکے خصوصی پیکنگ میں محفوظ کیے جاتے ہیں تاکہ خلا میں انہیں ضرورت کے مطابق استعمال کیا جا سکے۔
پاکستانی خلا باز کیلیے 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانوں کی تیاری چین اور پاکستان کے درمیان خلائی تعاون کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور مذہبی ترجیحات کے احترام کی ایک نمایاں مثال بھی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 40 سالہ محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ وہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پرقیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان تجربات میں بائیو ٹیکنالوجی، میٹریل سائنس اور فوٹو سنتھیٹک مائیکرو آرگنزمز سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ اس کے علاوہ سائنسی نمونوں اور آلات کی تنصیب اور خلا میں ان کی جانچ بھی ان کی ذمہ داریوں کا حصہ ہو گی۔
گزشتہ روز جیوکوان خلائی مرکز میں شین ژو 24 کے تینوں خلا بازوں نے ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو بریفنگ دی تھی۔ اس موقع پر محمد ذیشان علی نے چینی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن میں شرکت ان کے اور پاکستان کیلیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کے خلا میں جانے کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد دی۔
ذیشان علی نے بتایا کہ وہ 7 ماہ قبل چین کے ایسٹروناٹ سینٹر پہنچے تھے اور اپنے ساتھ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر آئے تھے۔ چین میں تربیت کے دوران خلائی پرواز سے متعلق اہم مہارتیں حاصل کیں اور چینی ساتھیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کیلیے چینی زبان بھی سیکھی۔


