اسلام آباد: پاکستان نے ملک بھر میں بڑھتے سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے 6 ہزار خصوصی اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ’سائبر اسپیس ڈیفینڈرز‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سائبر پولیس اسٹیشنز کا ملک گیر نیٹ ورک نو ماہ کے اندر 16 سے بڑھا کر 150 کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی بریفنگ کے بعد تنظیمِ نو کے منصوبے کی منظوری دی۔ این سی سی آئی اے کو زیرِ التوا مقدمات کے بڑھتے انبار، افرادی قوت کی شدید کمی، پرانی ٹیکنالوجی اور فنڈز کی سنگین قلت کا سامنا ہے۔
ہم انویسٹی گیشن ٹیم (ایچ آئی ٹی) نے وزارتِ داخلہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کے لیے تیار کردہ سرکاری بریفنگ کی دستاویزات دیکھی ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل قانون نافذ کرنے والا مرکزی ادارہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہے۔
ملک بھر میں سائبر کرائم کے 3 لاکھ 24 ہزار 404 مقدمات زیرِ التوا ہیں جبکہ 80 فیصد شکایات پر ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی ہے۔
نو ماہ پر مشتمل مجوزہ تنظیمِ نو منصوبے کا مقصد ادارے کی ملک گیر موجودگی میں نمایاں اضافہ، خصوصی اہلکاروں کی بھرتی اور اس کے آپریشنل و تکنیکی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر ان خامیوں کو دور کرنا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے. عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. این سی سی آئی اے کو ایک مؤثر، فعال اور جدید ادارہ بنانے کے لیے تنظیمِ نو کا عمل تیز کیا جائے.
وزیراعظم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور اس کے تمام ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور اے آئی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو تعینات کرنے کی ہدایت کی. وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ این سی سی آئی اے میں میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں. اس ادارے کی تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جائے. سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں.
وزیر اعظم نے این سی سی آئی اے کی جانب سے پیش کی گئی اصلاحات کی سفارشات پر غور کرنے کے لئے وفاقی وزراء محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل کمیٹی بنانے کے احکامات جاری کئے، جو رواں ہفتے کے آخر تک اپنی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں. بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو قومی سطح کی پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے جس کے لئے بہترین افرادی قوت میرٹ کی بنیاد پر رکھی جائے گی. سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سیکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے. موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے حتی المقدور اقدامات لیے جا رہے ہیں.
اجلاس میں NCCIA کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا. اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 25, 2026
ملک میں اس وقت 173 اضلاع اور 31 پولیس رینجز میں تقریباً 25 کروڑ آبادی کے لیے صرف 16 سائبر پولیس اسٹیشنز موجود ہیں۔ ادارے کی کُل افرادی قوت صرف 503 اہلکار ہیں جن میں محض 226 تفتیش کار ایسے ہیں جو دوسرے محکموں سے عارضی طور پر لیے گئے ہیں اور ملک بھر میں سائبر کرائم کے مقدمات کی تحقیقات کے لیے دستیاب ہیں۔
پنجاب میں اس مسئلے کی سنگینی خاص طور پر نمایاں ہے، جہاں تقریباً 14 کروڑ آبادی کے لیے صرف 61 افسران تعینات ہیں۔ لاہور کے سائبر پولیس اسٹیشن میں ہر تفتیشی افسر کے ذمے اوسطاً 3 ہزار 441 زیرِ التوا مقدمات ہیں۔ ملتان میں یہ تعداد 4 ہزار 672 ہے۔
ادارے کے پاس اپنی مخصوص عمارتیں بھی نہیں ہیں اور کرائے کی عمارتوں پر ہر ماہ 3 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ ادارے کے اہم نیٹ ورک انفراسٹرکچر، انٹروژن پریوینشن سسٹم (آئی پی ایس)، سکیورٹی انفارمیشن اینڈ ایونٹ مینیجمنٹ (ایس آئی ای ایم) سسٹمز اور ڈیجیٹل فرانزک لائسنسز کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔
این سی سی آئی کے بحران کی آٹھ بنیادی وجوہات
ادارے کے اندرونی جائزے میں آٹھ بڑی بنیادی کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہوں نے اس کی آپریشنل صلاحیت اور تیزی سے پیچیدہ ہوتے ڈیجیٹل کرائمز سے نمٹنے کی اہلیت کو متاثر کیا ہے۔
ان خامیوں میں میں کمزور اندرونی نظم و نسق اور ادارہ جاتی احتساب کا فقدان ہے جس کے باعث نظام میں بے ضابطگیاں اور بدانتظامی بڑھی اور عوام کا اعتماد متاثر ہوا۔
افرادی قوت کی شدید کمی کے باعث ادارہ سائبر کرائم کے ماہرین کے بجائے دوسرے محکموں سے ڈیپوٹیشن پر آئے عملے پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔
ملک بھر میں صرف 16 فعال سائبر پولیس اسٹیشن ہونے کی وجہ سے بڑے شہروں سے باہر ڈیجیٹل جرائم کے خلاف کارروائی کے لیے سہولتیں بھی محدود ہیں۔
اس کے علاوہ مقدمات کا بڑھتا انبار ایک اور بڑا چیلنج ہے۔
بریفنگ دستاویزات کے مطابق 3 لاکھ 24 ہزار 404 مقدمات زیرِ التوا ہیں جبکہ 80 فیصد شکایات پر ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ مزید یہ کہ پولیس کی روایتی کھلی کچہریوں میں آنے والی تقریباً 70 فیصد عوامی شکایات اب سائبر کرائم سے متعلق ہوتی ہیں جنہیں معمول کے مطابق این سی سی آئی اے کو بھیج دیا جاتا ہے۔
اس وجہ سے ادارے پر کام کا بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے۔
بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی مسئلے کو مزید سنگین بنا رہی ہے کیونکہ ادارہ مکمل طور پر کرائے کی عمارتوں سے کام کر رہا ہے اور ہر ماہ کرائے کی مد میں 3 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوتے ہیں۔
جائزے میں ضروری سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل فرانزک لائسنسز کی معیاد ختم ہونے، بروقت تفتیش اور پراسیکیوشن میں رکاوٹ بننے والے پرانے قانونی طریقہ کار اور ادارے کی آپریشنل ضروریات اور دستیاب مالی وسائل کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
تنخواہوں میں فرق
سائبر کرائم سے نمٹنے کا دباؤ مختلف صوبوں میں الگ الگ ہے، جس کی وجہ وہاں سائبر کرائم کی نوعیت اور سکیورٹی کے مختلف مسائل ہیں۔
پنجاب میں تقریباً 14 کروڑ آبادی کے لیے سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے صرف 61 افسران دستیاب ہیں۔ صوبے کے دو مصروف ترین سائبر پولیس اسٹیشنز پر کام کا بوجھ خاص طور پر بہت زیادہ ہے۔
لاہور میں 31 تفتیش کاروں کے پاس 1 لاکھ 6 ہزار 684 زیرِ التوا مقدمات ہیں، یعنی ہر تفتیش کار کے ذمے اوسطاً 3 ہزار 441 مقدمات ہیں۔ ملتان میں 12 تفتیش کار 56 ہزار 64 مقدمات دیکھ رہے ہیں۔ اس طرح ہر تفتیش کار کے پاس اوسطاً 4 ہزار 672 مقدمات ہیں۔

سندھ ایک بڑا معاشی مرکز ہونے کے باعث مالی اور تجارتی فراڈ سے متعلق سائبر کرائم کے زیادہ واقعات کا سامنا کر رہا ہے۔
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں سے جڑے ڈیجیٹل خطرات زیادہ ہیں جب کہ بلوچستان کو شورش سے منسلک پیچیدہ سائبر خطرات کا سامنا ہے۔
صوبائی پولیس کے مقابلے میں تنخواہوں میں بڑے فرق کے باعث ادارے کو قابل اور تجربہ کار اہلکار بھرتی کرنے اور انہیں ملازمت پر برقرار رکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب پولیس میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کی ماہانہ مجموعی تنخواہ 3 لاکھ 92 ہزار 872 روپے ہے، جو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی 2 لاکھ 69 ہزار 399 روپے تنخواہ سے ایک لاکھ 23 ہزار 473 روپے یعنی 46 فیصد زیادہ ہے۔
اسی طرح پنجاب پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) کی ماہانہ تنخواہ 3 لاکھ 25 ہزار 177 روپے ہے جب کہ این سی سی آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو 2 لاکھ 34 ہزار 627 روپے ملتے ہیں۔ دونوں کی تنخواہوں میں 90 ہزار 550 روپے یعنی 39 فیصد کا فرق ہے۔
این سی سی آئی اے کے افسران کو طبی سہولتوں اور سفری اخراجات کی مد میں بھی کم الاؤنسز ملتے ہیں جب کہ انہیں سرکاری رہائش کی سہولت بھی حاصل نہیں۔ یہ ملازمت کی مراعات کے فرق کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
بجٹ میں 77 فیصد کمی
ادارے کی مالی حالت بھی اس کے کام میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ مالی سال 27-2026 کے لیے مختص رقم ادارے کی ضروریات سے کہیں کم ہے۔
بریفنگ کے مطابق این سی سی آئی اے کے مجموعی بجٹ طلب میں سالانہ بنیاد پر 123 فی صد اضافہ ہوا ہے اور یہ مالی سال 26-2025 کے 2 ارب 54 کروڑ 80 لاکھ روپے سے بڑھ کر مالی سال 27-2026 میں 5 ارب 68 کروڑ 10 لاکھ روپے ہوگئی ہے۔
تاہم اس کے لیے مختص رقم صرف 3 فیصد بڑھی اور وہ 1 ارب 27 کروڑ 90 لاکھ روپے سے بڑھ کر 1 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ روپے ہوگئی۔ نتیجتاً ادارے کو مانگی گئی رقم کا صرف 23 فیصد ملا اور 4 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ روپے یعنی کل ضرورت کا 77 فیصد پورا نہ ہو سکا۔
سب سے بڑا فرق تنخواہوں کے علاوہ دیگر انتظامی اور آپریشنل اخراجات (او ای آر ای) میں ہے، جن میں عمارتوں کا کرایہ، فرانزک سافٹ ویئر کے لائسنس، ٹیکنالوجی میں بہتری اور فیلڈ آپریشنز کے اخراجات شامل ہیں۔
مالی سال 27-2026 کے لیے ان اخراجات کی ضرورت گزشتہ مالی سال کے ایک ارب 31 کروڑ 70 لاکھ روپے سے تین گنا سے بھی زیادہ بڑھ کر 4 ارب 44 کروڑ 90 لاکھ روپے ہوگئی۔ تاہم ان کے لیے مختص رقم میں معمولی اضافہ کیا گیا اور اسے 42 کروڑ 40 لاکھ روپے سے بڑھا کر 44 کروڑ 20 لاکھ روپے کر دیا گیا۔
اس طرح مطلوبہ رقم اور مختص بجٹ کے درمیان 4 ارب 7 لاکھ روپے کا فرق رہ گیا جب کہ گزشتہ مالی سال میں یہ کمی 89 کروڑ 30 لاکھ روپے تھی۔
دوسری جانب ملازمین سے متعلق اخراجات (ای آر ای) کی مد میں مطلوبہ رقم ایک ارب 23 کروڑ 10 لاکھ روپے پر برقرار رہی۔ اس کے مقابلے میں ادارے کو 87 کروڑ 10 لاکھ روپے دیے گئے اور یہ کمی 36 کروڑ روپے رہ گئی۔
مالی سال 26-2025 میں بھی مطلوبہ رقم اتنی ہی تھی۔ تاہم اس وقت 85 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے اور خسارہ 37 کروڑ 60 لاکھ روپے تھا۔
تنظیمِ نو کا نو ماہ کا روڈ میپ
ادارہ جاتی بحران سے نمٹنے کے لیے مجوزہ منصوبے میں سائبر پولیس اسٹیشنز کے نیٹ ورک کو تین مراحل میں وسعت دینے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت نو ماہ میں اسٹیشنز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 150 کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں یعنی ایک سے تین ماہ تک موجودہ 16 اسٹیشنز کو یکجا کیا جائے گا اور 34 نئے اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جس سے ملک بھر میں ان کی تعداد 50 ہو جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں یعنی چوتھے سے چھٹے مہینے تک مزید 50 اسٹیشنز کا اضافہ کیا جائے گا اور کُل تعداد 100 ہو جائے گی۔
آخری مرحلے یعنی ساتویں سے نویں مہینے تک مزید 50 اسٹیشنز قائم کر کے یہ تعداد 150 تک پہنچائی جائے گی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب میں 46، خیبر پختونخوا میں 36، سندھ میں 31 اور بلوچستان میں 22 سائبر پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 15 سائبر پولیس اسٹیشن اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)، راولپنڈی اور گلگت بلتستان میں قائم ہوں گے۔
اس نیٹ ورک کو فعال بنانے کے منصوبے کے تحت 4 مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 6 ہزار اہلکار بھرتی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ان اہلکاروں میں براہِ راست بھرتی کیے جانے والے 3 ہزار 500 تفتیش کار، سواٹ اور چھاپہ مار ٹیموں کے لیے ایک ہزار اہلکار، تین سالہ معاہدے پر بھرتی کیے جانے والے ایک ہزار تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین جب کہ 500 ڈیٹیکٹوز اور سینئر ڈیٹیکٹوز شامل ہیں۔ ان کی بھرتی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) اور لاہور یونیورسٹی آف مینیجمنٹ سائنسز (لمز) سمیت معروف تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل نوجوانوں میں سے کی جائے گی اور یہ عارضی معاہدے کے تحت ہوگی۔

نئے بھرتی ہونے والے عملے میں سے 4 ہزار 500 اہلکار براہِ راست سائبر پولیس اسٹیشنز میں تعینات ہوں گے۔ ان میں 3 ہزار تفتیش کار، سواٹ اور چھاپہ مار ٹیموں کے 700 اہلکار، 500 ڈیٹیکٹوز اور سینئر ڈیٹیکٹوز جب کہ 300 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ باقی 1500 اہلکار ملک بھر میں خصوصی یونٹس اور سپورٹ انفراسٹرکچر میں تعینات کیے جائیں گے۔
ان تعیناتیوں میں سائبر کرائم اینالیسز اینڈ سپورٹ یونٹ (کاسو)، گشت کرنے والی ٹیموں اور مشترکہ ٹاسک فورسز کے لیے 350 آسامیاں شامل ہیں جن میں 200 تفتیش کار، 100 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین اور 50 سواٹ اہلکار ہوں گے۔
اس کے علاوہ علاقائی ایس ایس پی اور ایس پی دفاتر میں 340 اہلکار تعینات ہوں گے جن میں 150 تفتیش کار، سواٹ اور چھاپہ مار ٹیموں کے 150 اہلکار اور 40 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین ہوں گے۔
مزید یہ کہ ڈیجیٹل شواہد کی جانچ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے فرانزک لیبارٹریز میں 250 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین تعینات کیے جائیں گے۔
ہیڈکوارٹرز، کنٹرول اور تربیتی یونٹس میں 205 اہلکار تعینات ہوں گے، ان میں سواٹ اور چھاپہ مار ٹیموں کے 100 اہلکار، 75 تفتیش کار اور 30 تکنیکی و آئی ٹی ماہرین شامل ہیں۔ مزید 205 اہلکار، جن میں 130 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین اور 75 تفتیش کار شامل ہیں، ریسرچ انکیوبیٹرز میں تعینات کیے جائیں گے۔
اسی طرح 150 تکنیکی اور آئی ٹی ماہرین ڈیٹا سینٹرز اور نیٹ ورکس میں تعینات ہوں گے تاکہ ادارے کے اہم ڈیجیٹل نظام کو برقرار رکھنے اور محفوظ بنانے کا کام انجام دیا جا سکے۔
