وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمدورفت کے پیش نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 28 نومبر 2026 کی رات 12 بج کر 30 منٹ تک مختلف شاہراہوں اور ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی عارضی بندش اور ڈائیورژن کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق غیر ملکی وفود کی نقل و حرکت کے دوران ایکسپریس ہائی وے اور سری نگر ہائی وے پر مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں ٹریفک ڈائیورژن لگائی جائے گی، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور ٹریفک کی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور اپنی منزل تک بروقت پہنچنے کے لیے سفر میں کم از کم 20 سے 25 منٹ اضافی رکھیں۔
بند کیے جانے والے راستوں میں سرینہ ہوٹل، نادرا چوک، ایوب چوک اور ایکسپریس چوک شامل ہیں۔شہریوں کو ریڈ زون میں آمدورفت کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے موقع پر دی جانے والی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے پر ٹریفک ڈائیورژن کی صورت میں شہری سہروردی روڈ، سروس روڈ جی ایٹ، سروس روڈ جی نائن اور زیرو پوائنٹ متبادل راستوں کے طور پر استعمال کریں۔
فیض آباد جانے والی ٹریفک کے لیے فیصل ایونیو جبکہ نائنتھ ایونیو جانے والی ٹریفک کے لیے سروس روڈ ایسٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کورال سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کے لیے ہدایات
کورال سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو پرانا ایئرپورٹ، راول روڈ، راولپنڈی مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور فقیر ایپی روڈ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح اگر کورال، ایکسپریس ہائی وے، مری روڈ یا کلب روڈ بند ہوں تو شہری لہتراڑ روڈ اور پارک روڈ کے متبادل راستے اختیار کر سکتے ہیں۔
نیو ایئرپورٹ اور پشاور روڈ جانے والوں کے لیے متبادل راستے
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور پشاور روڈ جانے والے شہریوں کو جناح ایونیو اور مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جبکہ بہارہ کہو سے اسلام آباد آنے والے شہریوں کو بنی گالا اور پارک روڈ کے راستے سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق ڈائیورژن کے دوران مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے شہری اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھ کر سفر کریں۔
شہری ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے ایف ایم 92.4 سن سکتے ہیں جبکہ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا ٹریفک معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز پر بھی تازہ ترین اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔



