جنوبی افریقا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے کے بعد اننگز اور 219 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلی، میزبان ٹیم نے سپر اسپورٹ پارک سنچورین میں کھیلا گیا مقابلہ تیسرے روز ہی ختم کردیا، جس میں ویان ملڈر نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ٹیسٹ میچ کا ٹاس جنوبی افریقہ نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش کی پہلی اننگز انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم صرف 91 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقا کے فاسٹ بولرز نے ابتدا ہی سے دباؤ برقرار رکھا اور مہمان بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مہفیج الاسلام 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو جانسن اور کگیسو ربادا نے 3،3 جبکہ اینرک نورکیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی ۔
جنوبی افریقا کی جانب سے مارکس ایکرمین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 150 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 23 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ ویان ملڈر نے 178 گیندوں پر 100 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ مارکو جانسن 67 اور ٹونی ڈی زورزی 66 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے خالد احمد اور شرف الاسلام نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تاہم جنوبی افریقی بلے بازوں نے مہمان ٹیم کے بولرز کو طویل وقت تک وکٹوں کے حصول سے روکے رکھا، میزبان ٹیم نے دوسری صبح اور پورے دن کے کھیل میں 406 رنز کا اضافہ کیا، جو سنچورین میں کسی ٹیسٹ میچ کے ایک دن میں کسی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی تھا۔
دوسری اننگز میں بنگلہ دیش نے نسبتاً بہتر آغاز کیا اور اوپنرز تنزید حسن اور مہفیج الاسلام کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تنزید حسن 29 رنز بنا کر ویان ملڈر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ مومن الحق بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
مہفیج الاسلام نے 38 رنز کی اننگز کھیلی تاہم مارکو جانسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، انہوں نے فیصلے کے خلاف ریویو بھی لیا لیکن تھرڈ امپائر نے آن فیلڈ فیصلے کو برقرار رکھا۔
بعد ازاں نجم الحسن شانتو اور توحید ہردوئے نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔
توحید ہردوئے نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 33 گیندوں پر 41 رنز بنائے، جس میں اینرک نورکیا کے خلاف ایک چھکا بھی شامل تھا، تاہم کگیسو ربادا نے انہیں آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔
نجم الحسن شانتو نے 101 گیندوں پر 34 رنز بنائے اور ایک جانب سے مزاحمت جاری رکھنے کی کوشش کی جبکہ لٹن داس نے 15 رنز اسکور کیے۔ تاہم جنوبی افریقی بولرز کے سامنے بنگلہ دیشی مڈل آرڈر زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکا۔
ویان ملڈر کی تباہ کن بولنگ نے بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی
میچ کا فیصلہ کن مرحلہ اس وقت آیا جب ویان ملڈر نے دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ شروع کیا۔ انہوں نے لٹن داس کو بولڈ کرنے کے بعد جاکر علی اور شرف الاسلام کو پویلین بھیجا اور اپنی پہلی ٹیسٹ پانچ وکٹوں کی کارکردگی مکمل کی۔
Wiaan Mulder 🤩⭐
The first South African to score a century and take a seven-wicket haul in the same Test 💪🇿🇦
#SSCricket | #SAvBAN https://t.co/sib4EgDVeQ
— SuperSport 🏆 (@SuperSportTV) November 25, 2026
ملڈر نے اس کے بعد نجم الحسن شانتو کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ تسکین احمد کو بولڈ کرکے بنگلہ دیش کی مزاحمت ختم کردی، ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث بنگلہ دیش نے 158 رنز پر 4 وکٹیں گنوانے کے بعد صرف 26 رنز کے اضافے پر اپنی باقی 6 وکٹیں کھو دیں۔
ویان ملڈر نے 11 اوورز میں 31 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ ہے۔ اس سے قبل وہ کسی ٹیسٹ میچ میں 6 سے زیادہ وکٹیں حاصل نہیں کرسکے تھے، انہوں نے اس میچ میں سنچری بنانے کے بعد 7 وکٹیں حاصل کرکے آل راؤنڈ کارکردگی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
مارکو جانسن نے بھی 48 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بنگلہ دیش کی آخری وکٹ خالد احمد کی گری، جنہیں جانسن نے آؤٹ کیا اور ملڈر نے باؤنڈری پر شاندار کیچ پکڑا۔
بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 184 رنز پر سمٹ گئی اور جنوبی افریقا نے دوسرا ٹیسٹ میچ ایک اننگز اور 219 رنز سے جیت لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت کر کلین سوئپ کیا۔ اس سے قبل جوہانسبرگ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد جنوبی افریقا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا پہلا ون ڈے یکم دسمبر کو ایسٹ لندن میں شیڈول ہے۔



