وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کے حالیہ بیانات اور گزشتہ چند دونوں کے طرزِ عمل سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ خود تصادم چاہتے ہیں۔
جمعرات کو وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے ایک بیان میں کہا کہ ملک کے اندر معمولی ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں۔ یہ کوئی اتنی بڑی بات نہیں ہے۔ بات صرف یہ ہے کہ سیاست کو سیاست سمجھ کر ہی کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مخالف اور افغانستان کی حمایت میں بیانیہ بنانے کی حد تک نہیں جانا چاہیے۔ ان کے بقول مولانا ایک سینئر اور دور اندیش سیاست دان ہیں، اس لیے انہیں معاملہ فہمی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھانا چاہیے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اُن کے حالیہ بیانات اور گزشتہ چند دنوں کے طرزِ عمل سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ خود تصادم چاہتے ہیں۔ یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ آپ کے لہجے میں تلخی، ناگواری اور شدید غم و غصہ نظر آئے اور الفاظ کا چناؤ بھی نامناسب ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ہمیشہ گنجائش رکھنی چاہیے اور کبھی بھی بند گلی کی طرف نہیں جانا چاہیے۔
خیال رہے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق بیانات کے بعد مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت مخالف بیانات کے بعد مولانا فضل الرحمان۔ ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ کے الزامات عائد کیے تاہم حکومتی رہنماؤں نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔ اس کے بعد پارٹی نے 19 نومبر مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔
24 نومبر کو لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائشگاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی تھیں، جس کے باعث وہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے اجتماع میں براہِ راست شرکت اور خطاب نہیں کر سکے تھے اور انہیں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا پڑا تھا۔
جے یو آئی ف کی جانب سے سرگودھا میں ایک جلسے کا بھی اعلان کیا گیا تھا جس میں شرکت کے لیے مولانا فضل الرحمان لاہور سے قافلے کی صورت میں سرگودھا کی جانب رواں دواں ہیں۔ مولانا نے مختلف مقامات پر خطاب بھی کیا ہے اور ان کا کہنا ہے انتظامیہ نے جان بوجھ کر ان کا راستہ روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی ہیں، ہم پُرامن اور منظم انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور ہر قیمت پر اپنی منزل سرگودھا تک پہنچیں گے، چاہے اس کے لیے جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔



