کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں بدھ کو 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے کا واقعہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں عمارت گرنے کا کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران کراچی میں عمارتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جس میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔ 10 برسوں کے دوران شہر میں کبھی رہائشی عمارتیں تو کبھی زیرِ تعمیر عمارتیں منہدم ہوئیں جب کہ گیس دھماکوں اور شدید بارشوں نے بھی کئی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
ان حادثات نے شہر میں عمارتوں کی تعمیر کے حفاظتی معیارات اور متعلقہ اداروں کی نگرانی کے نظام پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
گزشتہ 10 برسوں کے دوران کراچی میں عمارتیں گرنے کے کون سے بڑے واقعات ہوئے اور ان میں کتنی اموات ہوئیں ان کی تفصیلات اس ٹائم لائن میں موجود ہے۔
جولائی 2025: بغدادی، لیاری — 27 اموات
4 جولائی 2025 کو لیاری کے محلے بغدادی میں ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے اس عمارت کو پہلے ہی مخدوش قرار دے کر رہائشیوں کو اسے خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے تھے۔ تاہم خاندان بدستور وہاں رہائش پذیر تھے۔

اس رہائشی عمارت گرنے کے بعد امدادی کارروائیاں تین روز تک جاری رہی تھیں۔
مارچ 2020: گولیمار — 27 افراد جاں بحق
5 مارچ 2020 کو گولیمار جسے گل بہار بھی کہا جاتا ہے، وہاں ایک کثیرالمنزلہ عمارت منہدم ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جب کہ 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

عمارت گرنے سے ملحقہ تعمیرات کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ اس واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں کی گئی تھیں جب کہ نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے مطابق تعمیراتی بے ضابطگیوں اور متعلقہ اداروں کی نگرانی میں ناکامی پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔
جون 2020: لیاری — 22 اموات
گولیمار کے سانحے کے صرف تین ماہ بعد 7 جون 2020 کو لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
امدادی کارکنوں نے کئی روز تک ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے اور لاشیں نکالنے کا کام جاری رکھا تھا۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق یہ اُس سال کراچی میں عمارت گرنے کے مہلک ترین واقعات میں سے ایک تھا۔
دسمبر 2021: شیرشاہ — 17 اموات
18 دسمبر 2021 کو کراچی کے علاقے شیرشاہ میں ایک نجی بینک کی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں عمارت منہدم ہوگئی تھی جس میں 17 افراد جاں بحق جب کہ کم از کم 16 زخمی ہوئے تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت سیوریج نالے پر تعمیر کی گئی تھی جہاں گیس جمع ہونے کے باعث دھماکا ہوا تھا۔
اس واقعے کے بعد کراچی میں نکاسی آب کے نالوں پر عمارتوں کی تعمیر سے متعلق حفاظتی خدشات ایک بار پھر سامنے آئے تھے۔
فروری 2026: سولجر بازار — 15 افراد جاں بحق
19 فروری 2026 کو سولجر بازار میں سحری کے وقت گیس دھماکے کے باعث ایک رہائشی عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے۔

انگریزی اخبار ’ڈان‘ کے مطابق پولیس نے بعد ازاں اس واقعے پر عمارت کے بلڈر کو گرفتار کر لیا تھا۔
جولائی 2017: لیاقت آباد — کم از کم 5 اموات
18 جولائی 2017 کو لیاقت آباد میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی اور تجارتی عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
اس واقعے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اس حادثے نے کراچی کے گنجان آباد علاقوں میں پرانی عمارتوں کی حفاظتی صورتِ حال سے متعلق خدشات کو جنم دیا تھا۔
اکتوبر 2023: شاہ فیصل کالونی — 5 جاں بحق
11 اکتوبر 2023 کو شاہ فیصل کالونی میں تین منزلہ زیرِ تعمیر عمارت اس وقت منہدم ہو گئی تھی جب وہاں مزدور تعمیراتی کام میں مصروف تھے۔
اس واقعے میں پانچ مزدور جاں بحق اور چار زخمی ہوئے تھے۔ نجی ٹی وی ’دنیا نیوز‘ کے مطابق حادثے کے بعد ایس بی سی اے کے حکام کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جب کہ عمارت کی تعمیر کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔
فروری 2019: جعفر طیار سوسائٹی، ملیر — 4 اموات
25 فروری 2019 کو ملیر کی جعفر طیار سوسائٹی میں ایک رہائشی عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔
بعد ازاں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ کئی دیگر کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا گیا تھا۔
ستمبر 2020: اللہ والا ٹاؤن، کورنگی — 4 اموات
10 ستمبر 2020 کو کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ مون سون کی شدید بارشوں کے دوران پیش آیا تھا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب کراچی میں رہائشی عمارتوں کے انفراسٹرکچر کی کمزوری سے متعلق خدشات سامنے آ رہے تھے۔
جون 2021: ملیر — 4 اموات
جون 2021 میں ملیر میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
اپریل 2023: نیو کراچی — 4 فائر فائٹرز جاں بحق
13 اپریل 2023 کو نیو کراچی میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں چار فائر فائٹرز جاں بحق ہوئے تھے۔
فائر فائٹرز عمارت میں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھے کہ اسی دوران انفراسٹرکچر گر گیا۔ اس واقعے میں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔
دسمبر 2023: مچھر کالونی — 3 جاں بحق
18 دسمبر 2023 کو مچھر کالونی میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دو منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہو گئی تھی جس میں 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے تھے۔
دھماکے سے ملحقہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
جون 2022: مچھر کالونی — 3 جاں بحق
20 جون 2022 کو مچھر کالونی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ خاندان کے دو دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
ستمبر 2020: بہار کالونی، لیاری — 2 جاں بحق
13 ستمبر 2020 کو لیاری کی بہار کالونی میں 2 منزلہ عمارت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے تھے۔
یہ واقعہ کورنگی میں عمارت گرنے کے حادثے کے صرف تین روز بعد پیش آیا تھا۔
’ڈان‘ کے مطابق حکام کو شبہ تھا کہ ملحقہ پلاٹ پر تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث عمارت کا ڈھانچہ کمزور ہوا ہوگا۔
مارچ 2022: پی آئی بی کالونی — 2 اموات
مارچ 2022 میں پی آئی بی کالونی میں ایک رہائشی عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہونے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
اگست 2024: اولڈ لیاری — 2 جاں بحق
5 اگست 2024 کو بارش کے بعد اولڈ لیاری میں ایک منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 2 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
جولائی 2025: کھڈا مارکیٹ، لیاری — 2 اموات
بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد لیاری میں ایک اور عمارت کا حصہ منہدم ہونے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
’ڈان‘ کے مطابق 17 جولائی 2025 کو کھڈا مارکیٹ میں غنی مینشن کی بالائی منزل گرنے سے 2 اموات جب کہ تین زخمی ہوئے تھے۔
کراچی میں عمارتیں گرنے کے دیگر واقعات
گزشتہ ایک دہائی کے دوران کراچی میں عمارتوں اور چھتوں کے گرنے کے کئی دیگر واقعات بھی پیش آئے جن میں کئی اموات ہوئیں۔
اپریل 2024 میں نارتھ ناظم آباد میں ایک عمارت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوئے تھے۔ اسی سال اگست میں کورنگی میں بارش کے باعث ایک رہائشی مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
30 اپریل 2025 کو بھینس کالونی میں رہائشی عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہونے سے 2 سالہ بچی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق یہ عمارت صرف دو سال پرانی تھی۔
اسی طرح رواں سال 5 نومبر 2026 کو منگھوپیر روڈ پر نیا ناظم آباد فلائی اوور کے قریب ایک زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہوگئی تھی۔ ڈان کے مطابق اس عمارت کا ملبہ ایک ملحقہ دکان پر گرا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ دو بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔
کراچی میں 588 عمارتیں مخدوش قرار
جولائی 2025 میں لیاری کے سانحے کے بعد سندھ کے وزیرِ بلدیات سعید غنی نے انکشاف کیا تھا کہ کراچی میں 588 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔
’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے 456 عمارتیں صرف کراچی کے ضلع جنوبی میں واقع تھیں جن میں 107 لیاری میں موجود تھیں۔
خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں رہائشیوں کی موجودگی، غیر قانونی تعمیرات، عمارتوں کے خستہ حال ڈھانچے اور حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد نہ ہونا مسلسل تشویش کا باعث ہے۔
