راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 26 نومبر احتجاج سے متعلق 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 9 دسمبر تک توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر بشریٰ بی بی کی قانونی ٹیم اور پراسیکیوشن کے ارکان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی موکلہ کو تمام 29 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے مقدمات کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی انسداد دہشت گردی عدالت نے حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو 29 مقدمات میں ان کے شوہر عمران خان اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔ اس وقت ان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پولیس نے انہیں کسی بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا۔
بعد ازاں مئی میں عدالت نے انہیں شوہر اور قانونی ٹیم کی موجودگی میں شامل تفتیش کرنے اور آئندہ سماعت تک انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جون میں سماعت کی تھی اور 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 11 جولائی تک توسیع کی تھی۔ اس وقت ان کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے تھے اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد جج امجد علی شاہ نے مزید سماعت ملتوی کردی تھی۔
یاد رہے کہ 26 نومبر 2024 کو پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں اسلام آباد میں احتجاج کیا تھا۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ بشریٰ بی بی بھی احتجاجی قافلے کے ساتھ اسلام آباد پہنچی تھیں۔
احتجاج کے دوران مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے بعد بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کے خلاف راولپنڈی، ٹیکسلا اور اٹک میں 29 مقدمات درج کیے گئے۔ ان مقدمات میں انسداد دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور سرکاری امور میں مداخلت سمیت مختلف الزامات شامل ہیں۔
بشریٰ بی بی اس وقت 190 ملین پاؤنڈ کرپشن ریفرنس (القادر ٹرسٹ کیس) میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔ احتساب عدالت نے گزشتہ برس 17 جنوری کو انہیں اور عمران خان کو اس مقدمے میں سزا سنائی تھی۔ دونوں نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس دسمبر میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔



