کیپٹیل سٹی پولیس آفیسر لاہور (سی سی پی او) کا کہنا ہے کہ ہم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا نہ ہی وہ ہمیں مطلوب ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کی ’گھر میں نظر بندی‘ کے خلاف دائر درخواست پر سی سی پی او لاہور کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کیا تھا۔
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے جے یوآئی کے وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر درخواست پر آج سماعت کی جس دوران سی سی پی او لاہور کی جانب سے سرکاری وکیل فرخ لودھی نے جواب جمع کروا دیا۔
سی سی پی او لاہور نے اپنے جواب میں کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو گرفتار نہیں کیا نہ ہی وہ ہمیں مطلوب ہیں۔ ہم نے انہیں ہاؤس ریسٹ بھی نہیں کیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کل مولانا فضل الرحمان کسی کی تعزیت کے لیے گئے تھے۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسارکیا کہ تعزیت پر جانے کا آپ کے پاس کیا ثبوت ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مولانا فضل الرحمان کی ویڈیوز اور تصاویر ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی آج دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 24 نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں اپنے گھر سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ’اس وقت ریاستی حصار میں ہیں‘ اور لاہور کے تمام راستے بند ہونے کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہِ راست خطاب نہیں کر سکیں گے۔
جبکہ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مولانا فضل الرحمنٰ سے کسی قسم کا کوئی رابطہ ہوا نہ ہی انہیں کسی تھریٹ الرٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔ مبینہ محاصرے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ”مولانا فضل الرحمان کی نظر بندی کے بھی کوئی احکامات جاری نہیں ہوئے۔“
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 11 اکتوبر کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد حکومت مخالف بیانات کا ایک سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق ہو گیا تھا مگر وفاقی حکومت نے اس کے باوجود گورنر راج نافذ کر دیا۔
اس کے بعد مولانا فضل، ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر اسعد محمود اور جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف مالی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز ہوا جس پر پارٹی نے حکومت پر ’کریک ڈاؤن‘ اور ’انتقامی کارروائی‘ لانچ کرنے کے الزامات عائد کیے جنہیں حکومتی رہنما بے بنیاد قرار دیتے ہیں۔ اس کے بعد پارٹی نے 19 نومبر مولانا فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ان کی ’تمام سکیورٹی‘ واپس لیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔



