کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں ایک 6 منزلہ زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ کئی کے ملبے تلے دبے پھنسے ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کا واقعہ بلوچ کالونی، شاہراہِ فیصل کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں پیش آیا ہے جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ملبے تلے متعدد افراد کے دبے ہونے کی بھی اطلاعات ہے جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت تھی جو بلوچ کالونی کے قریب منہدم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ واقعے میں اموات کا بھی خدشہ ہے لیکن اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چونکہ یہ زیرِ تعمیر عمارت تھی تو وہاں مزدوروں کی موجودگی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے جب کہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ گاڑیاں بھی عمارت کے نیچے موجود تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیمیں وہاں موجود ہیں اور ملبے کو ہٹانے کے لیے بھاری مشینری طلب کرلی گئی ہے۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہے۔
