اسلام آباد پولیس میں ڈالفن فورس کی بھرتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، جس کے لیے عمر کی بالائی حد میں قانونی ضوابط کے مطابق رعایت دیتے ہوئے 30 سال مقرر کردی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے ڈالفن فورس میں بھرتی کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرتیوں کا عمل جلد شروع ہوگا اور ملک بھر کے نوجوان اس میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران فزیکل ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو دوبارہ فزیکل ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم فزیکل ٹیسٹ سے استثنیٰ عمر کی مقررہ اہلیت اور میڈیکل فٹنس سے مشروط ہوگا۔
اسلام آباد پولیس بھرتی 2026، عمر کی حد میں توسیع اور فزیکل ٹیسٹ سے متعلق آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری کا اہم پیغام۔
اپلائی کرنے کے لئے عمر کی حد اب 30 سال، پچھلے 6 ماہ میں جن امیدواروں کا فزیکل ٹیسٹ کلیئر ہے انہیں دوبارہ فزیکل ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں۔
Apply Now: https://t.co/qjLShq8esz#IslamabadPolice
— Islamabad Police (@ICT_Police) November 25, 2026
انہوں نے کہا کہ ڈالفن فورس میں بھرتیوں کا عمل صرف اسلام آباد تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ملک کے تمام حصوں سے نوجوانوں کو درخواستیں دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے اسلام آباد پولیس کے افسران ملک بھر میں تعینات کیے جائیں گے جو بھرتیوں کے تمام مراحل مکمل کریں گے۔
محمد سہیل چوہدری کا کہنا تھا کہ بھرتیوں کا پورا عمل میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ اہل اور باصلاحیت نوجوانوں کو اسلام آباد پولیس کا حصہ بننے کا موقع مل سکے۔
آئی جی اسلام آباد نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈالفن فورس کی بھرتیوں میں بھرپور حصہ لیں اور پولیس فورس میں شامل ہوکر ملک و قوم کی خدمت کریں۔



